اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )محکمہ تعلیم پنجاب نے 7 شہروں میں 5 دن کلاسز بحال نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پنجاب کے 7 شہروں میں 5 دن کلاسز بحال نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب نے نوٹیفکیشن جاری کردیا
۔نجی ٹی وی بول نیوز کے مطابق نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے مثبت شرح والے شہروں میں 50 فیصد طلبا ہی آئیں گے جبکہ گجرات، لاہور،ملتان، رحیم یار کے اسکولز میں 50 فیصد طلبا ہی آئیں گے اور سیالکوٹ، راولپنڈی اور فیصل آباد میں بھی متبادل دن کلاسز برقرار رہیں گی۔دوسری جانب وزیرتعلیم پنجاب مراد راس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ لاہور سمیت 7 شہروں کے اسکولوں میں 50 فیصد طلباء ہی سکول آئیں گےجبکہ 31 مارچ تک 50 فیصد طلباء کی حاضری پالیسی برقرار رہے گی لیکن کورونا کے باعث 100 فیصد طلباء کی حاضری کی اجازت نہیں۔