کراچی(این این آئی) بیوی کو خراب جوتا دینے پر شوہر نے دوکان دار کیخلاف عدالت سے رجوع کرلیا،کنزیومرپروٹیکشن کورٹ ایسٹ میں درخواست جمع کرادی۔تفصیلات کے مطابق اہلیہ کو خراب جوتے دینے پر شوہر نے دکاندار کے
خلاف کراچی کی کنزیومر پروٹیکشن کورٹ ایسٹ سے رجوع کر لیا۔کراچی کی کنزیومر پروٹیکشن کورٹ ایسٹ نے درخواست سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے گواہوں کو طلب کر لیا۔درخواست گزار نے عدالت میں موقف اختیار کیا ہے کہ اہلیہ نے طارق روڈ سے 1600 روپے میں اپنی پسند کا جوتا خریدا تھا، چند دن میں ہی جوتے کے 2 ٹکڑے ہو گئے۔درخواست گزارنے کہاکہ دکان دار کو شکایت کی مگر دکاندار بات سننے کو تیار نہیں ہے، میری اہلیہ کو اپنا پسندیدہ جوتا خراب ہونے کا بہت دکھ ہے۔درخواست گزار نے استدعا کی کہ دکاندار کے خلاف ناصرف کارروائی کی جائے بلکہ اس پر بھاری جرمانہ بھی عائد کیا جائے۔