کراچی(این این آ ئی)سندھ پولیس کے شہید افسر چوہدری اسلم کی بیوہ نورین اسلم نے پاکستان مخالف بھارتی فلم دھریندر کا جواب فلمی انداز میں دینے کا ارادہ کرلیا۔انہوںنے کہاکہ متنازع بھارتی فلم میں ان کے شوہر کے کردار کو غلط انداز میں پیش کیا گیا ہے، میں اپنے شوہر کی زندگی اور خدمات پر مبنی فلم یا ڈرامہ تیار کروں گی۔کراچی پریس کلب میں میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے بھارتی فلم میں چوہدری اسلم کے محدود کردار کی عکاسی پر بات کی اور کہا کہ فلم میں ان کے شوہر کی کہانی درست انداز میں پیش نہیں کی گئی، اسے درست انداز میں پیش کرنے کے لیے فلم یا ڈرامہ بناؤں گی۔انہوں نے کہا کہ بھارت میں بننے والی فلم دھرندھر ہماری فورسز کے خلاف ہے اور پاکستان کے بارے میں ان کے عزائم کبھی واضح نہیں رہے۔
انہوںنے کہاکہ فلم میں چوہدری اسلم کے کردار کو صرف لیاری آپریشن تک محدود کر دیا گیا ہے جبکہ انسدادِ دہشت گردی میں ان کی خدمات کو نظر انداز کیا گیا۔نورین اسلم نے کہاکہ اگر بھارت کو فلم بنانی ہی تھی تو ٹی ٹی پی پر بناتے، مگر انہوں نے صرف لیاری کو موضوع بنایا۔انہوں نے زور دیا کہ چوہدری اسلم کے کیریئر کو کسی ایک آپریشن تک محدود نہیں کیا جا سکتا، چوہدری اسلم نے اہم کردار ادا کیے، ہم فلم یا ڈرامے کی صورت میں چوہدری کی کہانی سامنے لائیں گے کیونکہ بھارت نے ان کے کردار کو صرف لیاری تک محدود کر دیا ہے۔نورین اسلم نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد ان کے شوہر کی خدمات کا مکمل احاطہ کرنا ہے، کیونکہ ان کا کردار صرف لیاری تک محدود نہیں تھا، انہوں نے ٹی ٹی پی کے خلاف جنگ لڑی اور خطرناک نیٹ ورکس کا سامنا کیا،اس فلم میں ان کے شوہر کی اصل وراثت اور سروس کا مکمل زمانی خاکہ پیش کیا جائے گا۔















































