اسلام آباد (این این آئی)وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پی ڈی ایم کے لاہور جلسہ کو مکمل طورپر ناکام قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ دو ماہ سے جلسے کیلئے کمپین چلائی جارہی تھی ، جلسہ مجھے متاثر نہیں کر سکا ،جلسہ بہت بڑا سکیورٹی رسک تھا ، پاکستان کے اندر انتشار پیدا کر نے کی کوشش کی جارہی ہے ، اس حوالے سے سب سیاستدانوں کو ملکر کام کر چاہیے ۔ اتوار کو
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہاکہ جلسے سے میں کوئی اتنا متاثر نہیں ہوا ،سچ کہتا ہوں جتنی انہوںنے دو ماہ تک کمپین چلائی کہ آر پار ہو جائے گا اور تاریخ بدل جائیگی اتنا بڑا جلسہ نہیں کر سکے ۔ انہوںنے کہاکہ میں نے مینار پاکستان پر نوازشریف اور عمران خان کے جلسے دیکھے ہیں، یہ کوئی میچ نہیں تھا ، یہ ایک نا مکمل جلسہ ہے اور لاہور کی حاضری نہ ہونے کے برابر تھی۔انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ (ن)کے تیرہ ایم این اے اور تیس سے چالیس ایم پی اے اگر 500ٗ 500آدمی بھی لاتے تو اس طرح سٹیج خالی نہ ہوتا ۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ ہم نے 25فیصد مینار پاکستان کی سکینگ کی ہے ، دو ماہ سے کہہ رہے تھے کہ تاریخ بدل دیگا ۔ انہوں نے کہاکہ اگر ملتان میں قاسم باغ میں جلسہ کر نے دیتے تو یہ ایکسپوز ہو جاتے ، گھنٹہ گھر ایک چھوٹا سا چوک ہے وہاں انہوںنے اپنی سیاسی عزت بچائی ، جتنی انہوںنے ہوا اور سیاسی طورپر ادھم مچایا ہوا تھا کہ پتہ نہیں کیا ہو جائیگا ان کی بات نہیں بنی ، مینارپاکستان کا ہر طرح سے یہ سب سے کم ترین جلسہ تھا ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ جب بے نظیر بھٹو پشاور میں گئیں تو وہاں دو بلٹ پروف جیکٹیں ملیںاس کے بعد ان کے لوگوں کو بلایاگیا تھا کہ آپ پنڈی کا جلسہ نہ کریں ، ہماری بات نہیں مانی اور بے نظیر شہید ہوئیں ۔ انہوںنے کہاکہ ہم نے سب لوگوں کو الرٹ جاری کیا ہے کیونکہ ملک کے اندر خلفشار اور انتشار کا شکار کر نے کی کوشش
کی جارہی ہے اس حوالے سے سب سیاستدانوں کو ملکر کام کر ناچاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ جو کچھ ہلر بازی ٹی وی پر دیکھی ہے اور یہ جلسہ بہت بڑا سکیورٹی رسک تھا اور جتنی بد نظمی اس جلسے میں دیکھی ہے اس سے پہلے کبھی نہیں تھی ، جتنی بڑی اس کی تیاری تھی وہ اتنا جلسہ نہیں تھا اور یہ ایک ناکام جلسہ تھا ۔