لاہور ( پ ر )وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں وفاقی وزیر صاحبزادہ محبوب سلطان، رکن قومی اسمبلی رضا نصر اللہ، اراکین پنجاب اسمبلی سمیع اللہ چودھری، شیر اکبر خان اور رانا شہباز احمد نے ملاقات کی۔ منتخب نمائندوں نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو اپنے حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے حلقوں کے مسائل جلد حل کرنے کی
یقین دہانی کرائی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خدمت کے سفر کے سامنے انتشار کی سیاست کی کوئی حیثیت نہیں۔ اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کے پاس کوئی ایجنڈ ا ہے نہ کوئی پروگرام۔ عوام کی کمائی لوٹنے والے نئے روپ دھار کر پھر میدا ن میں آئے ہوئے ہیں۔ محب وطن عوام چور ٹولے کے جھانسے میں اب نہیں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے افراتفری پھیلانے کے مذموم عزائم کبھی پورے نہیں ہوں گے۔ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے عام آدمی کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا۔ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن نے اپنے دور میں کھوکھلے نعرے لگائے۔ اپوزیشن نے ہر موقع پر عوام کو گمراہ کرنے کیلئے سیاسی پوائنٹ سکورنگ کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کامسترد شدہ ٹولہ ہمیشہ کے لئے سیاست سے آؤٹ ہوچکا ہے۔ وزیراعظم عمران خا ن نے موروثی سیاست کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے عام آدمی کو سر اٹھا کر جینا سکھایا ہے اور ان کی قیادت میں فیصلے ملک و قوم کے مفاد میں کئے گئے ہیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ رہزنوں کا ٹولہ اپوزیشن اتحاد کی چھتری تلے اکٹھا ہوا ہے اور یہ چور ٹولہ عوام کو گمراہ نہیں کرسکتا۔ ماضی کے حکمرانوں نے اپنے ادوار میں ووٹ کے تقدس کو پامال کیا۔ کل کے بدترین دشمن آج ذاتی مفادات کی خاطر دوست بن چکے ہیں اور یہ دوستی مفادات کے گرد گھومتی ہے۔ پاکستان کے عوام ایسے مفاد پرست ٹولے کو کبھی پذیرائی نہیں دیں گے۔ اقتدار کے لئے بے چین اپوزیشن کو نوشتہ دیوار پڑھ لینا چاہیئے۔