لاہور(پ ر) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور کے حفیظ سنٹر میں آتشزدگی کے باعث متاثر ہونے والے تاجروں کے لئے بڑے پیکیج کا اعلان کر دیا ہے – وزیر اعلی عثمان بزدار نے یہ اعلان لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے دوران تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا- وزیر اعلی عثمان بزدار نے صنعت کاروں و تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے حفیظ
سنٹر میں آتشزدگی سے متاثرہ تاجروں کے لئے 5 ارب روپے کے ریلیف پیکیج دیا جائے گا-میں آج حفیظ سنٹر میں آتشزدگی کے متاثرہ تاجروں کیلئے ریلیف پیکیج کے لئے آیا ہوں – آتشزدگی کے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پنجاب حکومت کے متعلقہ اداروں کو فوری طور پر موقع پر پہنچنے کی ہدایت کی اور میں خود امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کرتا رہا- حفیظ سنٹر میں ہونے والے مالی نقصان پر دلی دکھ ہوا -مشکل گھڑی میں ہم 207 متاثرہ دکانداروں اوردیگر افراد کے ساتھ کھڑے ہیں -پنجاب حکومت متاثرین کے کاروبار کی بحالی کے لئے بینک آف پنجاب کے اشتراک سے انتہائی آسان شرائط پر قرض فراہم کرے گی اوراس مد میں 5 ارب روپے مختص کئے ہیں – حکومت کی سکیم کے تحت متاثرین اپنی دکان کی مرمت کر کے قابل استعمال بنا سکتے ہیں یا نئی دکان خرید سکتے ہیں -حکومت اس ریلیف پیکیج کے تحت مارک اپ کی سبسڈی کی مد میں تقریبا 1.6 ارب روپے دے گی-انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت بزنس کمیونٹی کے ساتھ ہے- انتظامیہ اور بزنس کمیونٹی کے باہمی تعلق کو مزید مضبوط بنانے کے لئے مخصوص کمیٹیوں کو فعال کرنے کے لئے میں نے ہدایات جاری کر دی ہیں -بزنس کمیونٹی اور پولیس کے درمیان روابط کو مزید بہتر بنانے کے لئے سٹیزن پولیس لائزن کمیٹی کو فعال بنایا جارہا ہے- اس میں بزنس کمیونٹی کی نمائندگی کو یقینی بنایا جائیگا
تا کہ تاجر برادری کو کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے-تحریک انصاف کی پنجاب حکومت نے ہمیشہ تاجروں اور صنعت کاروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے ہیں – میں خود بھی بزنس کمیونٹی کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہوں -کچھ عرصہ قبل لاہور چیمبر آیا تھا اور آپ کے مسائل سنے تھے اور ان میں سے اکثر مسائل حل کئے ہیں اورآج پھر میں بزنس کمیونٹی کے ساتھ موجود ہوں –
پنجاب حکومت صوبے میں 13 سپیشل اکنامک زون بنا رہی ہے جن میں فیصل آباد اور لاہور میں 2 سپیشل اکنامک زون پر کام شروع ہو چکا ہے – بہت جلد بہاولپور اور مظفر گڑھ میں بھی سپیشل اکنامک زون کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا-حکومت نے 30 ارب روپے سے زائد کے قرضے آسان شرائط پر دینے کے لئے پنجاب روزگار سکیم کا اجراء کیا ہے اور اس مقصد کے لئے نئے اورجاری
کاروبار کے لئے قرضے دیئے جائیں گے- یہ تاریخ کی سب سے بڑی سکیم ہے،اس سکیم میں مرد، خواتین کے ساتھ خواجہ سراؤں اور خصوصی افراد کو بھی شامل کیا گیا ہے – پنجاب حکومت نے کورونا وباء کے دوران بزنس کمیونٹی کو ریلیف دینے کے لئے رواں مالی سال میں 56 ارب روپے کا ٹیکس ریلیف کا خصوصی پیکیج دیااور 20 خدمات پر ٹیکسوں کی شرح میں خاطر
خواہ کمی کی گئی – اس پیکیج میں 18 ارب روپے کا براہ راست ٹیکس ریلیف بھی شامل ہے – کورونا سے متاثرہ 13 سیکٹرپر سیلز ٹیکس کی شرح 16 سے کم کر صفر کی گئی – سٹمپ ڈیوٹی 5 سے کم کر ایک فیصد کی گئی- حفیظ سنٹر میں آتشزدگی جیسے واقعات کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات کریں گے – ریسکیو 1122 کو مزید وسائل مہیا کئے جائیں گے -متاثرہ تاجروں کی
بحالی پہلی ترجیح ہے – تاجروں کی بحالی کے عمل کو تیز تر کیا جائے گا- انتظامیہ اور ریسکیو1122 نے بہت محنت کی اورمیں انہیں شاباش دیتا ہوں – لاہور چیمبر آف کامرس کے سابق صدر عرفان اقبال شیخ، نئے صدر میاں طارق مصباح الرحمن اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتا ہوں -صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت نے کہا کہ وزیر اعلی عثمان بزدار نے سب سے پہلے متاثرہ تاجروں
کی بحالی کے لئے ریلیف پیکیج پر کام کرنے کی ہدایت کی اور وزیر اعلی عثمان بزدار کی ہدایت کی روشنی میں بینک آف پنجاب سے مل کر ریلیف پیکیج تیار کیا-حکومت متاثرہ تاجروں کے ساتھ کھڑی ہے -تاجر برادری کے لئے پہلے بھی بہت کچھ کیا ہے آئندہ بھی کریں گے -صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میاں طارق مصباح الرحمن نے کہا کہ وزیر اعلی عثمان بزدار نے پوری
طرح سپورٹ کیا ہے – مسائل کے حل میں ذاتی دلچسپی پر وزیر اعلی عثمان بزدار کے شکر گزار ہیں – وزیر اعلی عثمان بزدار کی ہدایت پر انتظامیہ اور پولیس مکمل تعاون کر رہی ہے – حفیظ سنٹر کے متاثرہ تاجروں کے لئے ریلیف پیکیج دینے پر وزیر اعلی عثمان بزدار نے ہمارے دل جیت لئے ہیں -تاجر رہنما حفیظ سنٹر فیاض بٹ نے کہا کہ وزیر اعلی عثمان بزدار نے متاثرہ تاجروں
کے لئے بڑا ریلیف پیکیج دیا ہے – تاجر رہنما حفیظ سنٹر ملک کلیم نے کہا کہ حفیظ سنٹر کے تاجر آپ کے تہہ دل سے مشکور ہیں -صوبائی وزراء ہاشم جواں بخت، فیاض الحسن چوہان، سیکرٹری فنانس، سیکرٹری انڈسٹریز، سیکرٹری اطلاعات، صدر بینک آف پنجاب اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے-دوسری جانب پنجاب میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو جدید سیکورٹی فیچرڈسے
آراستہ نمبر پلیٹیں فراہم کی جائیں گی-محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب اور نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن کے درمیان آج معاہدے پر دستخط ہو گئے-وزیر اعلی آفس میں منعقدہ تقریب میں نمبر پلیٹس کی سپلائی کے معاہدے پر دستخط کئے گئے -وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار تقریب کے مہمان خصوصی تھے-محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب کی جانب سے ایڈیشنل
ڈی جی راو شکیل الرحمن اور این آر ٹی سی کے جی ایم مارکیٹنگ سید عامر نے معاہدے پر دستخط کئے-وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ گاڑیوں کی سکیورٹی فیچرڈ اور اسٹینڈرڈائز نمبر پلیٹس کی فراہمی کا مسئلہ خوش اسلوبی سے حل کرلیا گیا ہے-جی ٹو جی بنیاد پر ہونے والا یہ معاہدہ نمبرپلیٹس کی سپلائی اور اجراء کے مسئلے کا طویل المدتی حل ثابت ہوگا اورقیمتی زرمبادلہ کی
بچت کے ساتھ یہ معاہدہ عوام کے لئے معیاری سہولت کا باعث بنے گااور سیف سٹی کے کیمروں کے ذریعے نمبرپلیٹس کی شناخت ممکن ہو گی-انہوں نے کہا کہ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے مالکان کو جلد نمبر پلیٹس ان کی دہلیز پر فراہم کی جائیں گی-انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں ایک ہی طرز پر موٹر وہیکل رجسٹریشن بذریعہ یونیورسل رجسٹریشن سیریز کا آغاز کیا گیا اور
پرکشش نمبروں کی نیلامی کے عمل کو آن لائن کر دیا گیا ہے- محکمہ ایکسائز کے تمام بنیادی ٹیکسز کی آن لائن ادائیگی بذریعہ ای پے کا آغاز کیا گیاہے- رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 5 ارب سے زائد کا ریونیو بذریعہ ای پے حاصل ہوا-رجسٹریشن اور دیگر امور کے سلسلے میں دفاتر آنے والے درخواست گزاروں کے لئے آن لائن اپوائنٹمنٹ مینجمنٹ سسٹم کا بھی پنجاب بھر میں آغاز
کیا گیا ہے اور عوام کو اس سسٹم کے ذریعے دفاتر میں انتظار اور قطار کی زحمت سے بچا لیا گیا ہے-انہوں نے کہا کہ موٹر وہیکل رجسٹریشن کے لئے بائیو میٹرک تصدیق کے عمل کا بھی جلد آغاز کردیا جائے گا-گورنمنٹ اداروں میں شفافیت کے ذریعے عوامی سہولت پیدا کرنا حکومت کی اولین ترجیح رہی ہے- گاڑیوں کی سکیورٹی فیچرڈ اور اسٹینڈرڈائز نمبر پلیٹس قانون کی عمل داری
اور امن و عامہ قائم رکھنے کے لیے بنیادی اہمیت کی حامل ہے-انہوں نے کہا کہ دیگر مسائل کی طرح گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کی فراہمی کا مسئلہ بھی ہماری حکومت کو ورثے میں ملا-ہم نے اس مسئلہ کو حل کرنے کے لئے روایتی سوچ اور طریقوں سے ہٹ کر جی ٹو جی بنیادوں پر معاہدے کا فیصلہ کیااور اس سلسلے میں تمام قانونی امور کو پورا کیا گیا ہے- یہ معاہدہ حکومتی اداروں کی
استعداد بڑھانے کے ساتھ ساتھ باہمی تعاون کو بھی فروغ دے گا- اس معاہدے کے ساتھ یقینا کثیر ملکی زرمبادلہ کی بچت ہوگی اور ہم اس سیکٹر میں جلد ایکسپورٹ کی صلاحیت بھی حاصل کر لیں گے-صوبائی وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن حافظ ممتاز احمد، صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان، چیف سیکرٹری،ایم ڈی این آر ٹی سی بریگیڈئر توفیق احمد، سیکرٹری ایکسائز، متعلقہ افسران
اور این آر ٹی سی کے حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر پنجاب بھر میں 350 سستے سہولت بازاروں کا قیام عمل میں لایاگیا ہے – وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ سہولت بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی سستے داموں فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے اورسہولت بازاروں میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 840 روپے میں دستیاب ہے جبکہ10 کلو آٹے کا
تھیلا 420 روپے میں فراہم کیا گیا ہے۔عام مارکیٹ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 860 روپے مہیا کیا جا رہا ہے اورسستے سہولت بازاروں میں چینی 85 روپے کلو کے حساب سے صارفین کو مل رہی ہے۔سستے سہولت بازاروں میں اشیائے ضروریہ سرکاری نرخوں پر دستیاب ہیں۔سستے سہولت بازاروں سے عوام کو مہنگائی سے ریلیف مل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سستے
سہولت بازاروں کا قیام تحریک انصاف کی حکومت کا عوام کو ریلیف دینے کیلئے مثالی اقدام ہے۔سستے سہولت بازاروں میں اشیائے ضروریہ وافر مقدار میں دستیاب ہیں اورتمام سہولت بازاروں کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے کیلئے آخری حد تک جائیں گے اورکسی کو عوام کا استحصال نہیں کرنے دیں گے۔