اسلام آباد (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن ) کے رہنما احسن اقبال نے کہاہے کہ موجودہ حکومت نے غیر قانونی طور پر پنجاب کے پچاس ہزار بلدیاتی نمائندوں کو نوکریوں سے فارغ کیا،سوا سال سے پچاس ہزار نمائندے عدالتی نظام کے دروازے کھٹکھٹارہے ہیں، صوبہ پنجاب
موجودہ حکومت کے انتقامی ایجنڈے پر ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہاکہ سپریم کورٹ میں پنجاب کے بلدیاتی نمائندوں کی جانب سے درخواست سماعت کے لئے مقرر تھی، بدقسمتی سے ان نمائندوں کو نہیں سنا گیا مزید پندرہ دن بعد سنا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ موجودہ حکومت نے غیر قانونی طور پر پنجاب کے پچاس ہزار بلدیاتی نمائندوں کو نوکریوں سے فارغ کیا۔ انہوںنے کہاکہ سوا سال سے یہ پچاس ہزار نمائندے عدالتی نظام کے دروازے کھٹکھٹارہے ہیں، صوبہ پنجاب موجودہ حکومت کے انتقامی ایجنڈے پر ہے۔احسن اقبال نے کہاکہ آج پنجاب دو سال بعد ہر شعبے میں تباہ ہوچکا ہے، پنجاب میں جو شہر چمکتے تھے وہ گندگی کا ڈھیر بن چکی ہیں، ایک شخص کے لئے پنجاب کو رسک پر لگا دیا گیا۔احسن اقبال نے کہاکہ بلدیاتی نمائندوں کو ختم کر کے ٹائیگر فورس کو اختیار دئیے جا رہے ہیں، چیف جسٹس سے درخواست ہے پنجاب کے بلدیاتی نمائندوں کا حق لوٹایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ سوا سال کی غیر فعال مدت کو شامل کرتے ہوئے بلدیاتی نمائندوں کا بحال کیا جائے۔ انہوںنے کہاکہ میری آرمی چیف سے ون آن ون کوئی ملاقات نہیں ہوئی، خواجہ آصف کے ساتھ بھی آرمی چیف سے میری ملاقات نہیں ہوئی، اگر شیخ رشید نے ایسا کہا ہے تو انہوں نے جھوٹ بولا ہے۔