اسلام آباد(آن لائن) حکومت پاکستان کی جانب سے سبکدوش ہونے والے چینی سفیر یائوجنگ کو پاک چین تعلقات بہتر بنانے کی خدمات کے اعتراف میں ہلال پاکستان کا اعزاز دیا گیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایوان صدر میں منعقد ہ تقریب میں ایوارڈ دیا اور دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے اور
مستحکم کرنے کے لئے سبکدوش چینی سفیر کی کوششوں کی تعریف کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق منگل کے روز پاک چین تعلقات بہتر بنانے کی خدمات کے اعتراف میں چینی سفیر یائوجنگ کو ہلال پاکستان کے اعزاز سے نواز گیا ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایوان صدر میں مسٹر یائوجنگ کو ہلال پاکستان کا ایوارڈ دیا۔ تقریب میں چئیرمین سینیٹ ، سپیکر قومی اسمبلی، وفاقی وزراء اور اعلیٰ حکومتی عہدیدار بھی شریک تھے۔ صدر مملکت سے سبکدوش ہونے والے چینی سفیر نے ملاقات بھی کی ہے۔ صدر عارف علوی نے دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے اور مستحکم کرنے کے لئے سبکدوش چینی سفیر کی کوششوإ کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ چین ایک قریبی دوست ہے جس نے قومی مفاد کے تمام امور پر ہمیشہ پاکستان کی حمایت کی ہے۔ سی پیک سے علاقائی رابطوںمیں اضافہ ہوگا۔ خطے کے ممالک خصوصاًافغانستان اور وسطی ایشیائی ممالک کو بے حد فائدہ ہوگا۔ پاکستان صدر شی جن پنگ کے دورے کا منتظر ہے۔ مسٹر یائوجنگ کے دور میں بہت سے انفراسٹرکچر اور ترقیاتی منصوبے مکمل ہوئے ہیں۔ سبکدوش چینی سفیر نے کہا کہ چین خطے میں امن اور روابط کو فروغ دینے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔