لاہور(این این آئی)مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ لاہور ڈوب رہا ہے اورعمران نیازی اور عثمان بزدار چین کی بانسری بجارہے ہیں۔بزدار صاحب وزیر اعلیٰ ہاؤس سے باہر نکلیں لاہور ڈوب رہا ہے،لاہور کی گلیاں ندی نالوں کا منظر پیش کررہی ہے،عثمان بزدار ان کے وزراء لاہور میں کشتیاں لے کر نکل آئیں۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بزدار سرکار کا لاہور کا پہلا پراجیکٹ فردوس مارکیٹ انڈر پاس پانی میں ڈوب
گیا ہے،کراچی میں بارش کے پانی پر مراد علی شاہ سے استعفیٰ مانگنے والے آج کہاں گئے؟۔شہباز گل،فواد چوہدری،فیصل واوڈا اور علی زیدی کو ایک ایک کشتی (ن) لیگ فراہم کرے گی،لاہور میں پچاس لوگوں کی کابینہ اصل میں نالائقوں کا ہجوم اکٹھا ہے،مون سون سے قبل عثمان بزدار نے ایک بھی ہنگامی میٹنگ نہیں بلائی،تمام صوبائی ادارے اپنی اپنی حکمت عملی سے چل رہے ہیں بزدار صاحب کی کوئی سننے والا نہیں۔