لاہور (آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ’’کرپشن کے کورونا وائرس‘‘ پاکستان میں کورونا وباء پر بھی سیاست کر رہے ہیں۔اپوزیشن کورونا پر صرف پوائنٹ سکورنگ میں لگی ہوئی ہے- بلند و بانگ دعوے کرنے والے اپوزیشن رہنمائوں نے عملی طور پر کچھ نہیں کیا۔اپوزیشن جماعتیں خود بھی تنہا ہو چکی ہیں اور عوام کو بھی تنہا چھوڑ چکی ہیں۔انہوںنے کہاکہ یہ وقت
سیاست سے بالاتر ہو کر عوام کی خدمت کا ہے۔اپوزیشن جماعتوں کو کورونا وباء پر ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔سیاست کیلئے آگے بہت وقت ہے۔خدارا کورونا جیسے اہم ترین چیلنج پر سیاست سے گریز کیا جائے۔انہوںنے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت نے بروقت اور دور اندیش فیصلے کئے ہیں۔اپنے دور میں ملکی خزانے کو بے دردی سے نقصان پہنچانے والے کس منہ سے عوام کی بات کرتے ہیں۔اپوزیشن رہنمائوں نے کورونا کے باوجود قومی اتحاد اور یکجہتی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔انہوںنے کہاکہ کورونا وباء کے دوران اپوزیشن کا منفی کردار تاریخ کا حصہ بن چکا ہے۔پاکستانی قوم سیاست کے منفی کرداروں کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔آزمائش کی گھڑی میں ڈیڑھ انچ کی مسجد بنانے والے عناصر بے نقاب ہو چکے ہیں۔