لاہور(این این آئی )پی آئی اے کا خصوصی طیارہ چین کی جانب سے کورونا سے متعلقہ عطیہ کردہ امدادی سامان لیکرلاہورائیرپورٹ پہنچا۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے لاہور ایئرپورٹ پر چین سے آنے والا امدادی سامان وصول کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ چین نے 100ملین روپے مالیت کا امدادی سامان پنجاب حکومت کو عطیہ کیا ہے ۔چینی صوبے شینڈونگ،جیانگسواورننگزیاکی جانب سے
حفاظتی لباس اورضروری سامان کا عطیہ مضبوط پاک چین تعلقات کا مظہر ہے۔ مشکل کی گھڑی میں پرسنل پروٹیکٹو ایکیوئمنٹس بھجوانے پر چین کی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔چین نے ہرآزمائش میں پاکستان کے عوام کی مدد کی ہے ۔ پاکستان اورچین کی دوستی لازوال رشتوں میں بندھی ہوئی ہے ۔ چین کی جانب سے ملنے والے سامان میں پرسنل پروٹیکشن ایکوپمنٹس، پروٹیکٹو سوٹس، این 95ماسک، سرجیکل ماسک، گلوز، ڈسپوازیبل میڈیکل پروٹیکٹوزشامل ہیں اور یہ سامان کورونا سے بچائو کے لئے فرنٹ لائن پر موجود ڈاکٹروں، ہیلتھ پروفیشنلز،جینی ٹوریل سٹاف کو دیا جائے گا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں اس وقت 62کروڑ روپے کی لاگت سے تیار ہونیوالی 8 بی ایس ایل تھری لیب فنکشنل ہو چکی ہیں- صوبہ پنجاب میں ہوم آئسولیشن کا نوٹیفکیشن جاری ہوچکاہے اورمعمولی علامات والے کورونا مریضوں کو ہوم آئسولیشن میں رکھنے کی اجازت دے دی گئی ہے – عالمی ادارہ صحت کی ہدایات کے مطابق ایس او پیز تشکیل دئیے ہیں اور ان ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائیگا-انہوںنے کہاکہ لاک ڈائون میں نرمی کا مقصد معیشت کے رکے پہیے کو حرکت میں لانا اور دیہاڑی دار طبقے کو روزگار فراہم کرنا ہے- پنجاب کے عوام ، تاجربرادری اور صنعتکاروں سے اپیل کرتاہوںکہ سب احتیاطی تدابیر اورایس او پیز پر عمل کریں۔ مریضوں کے علاج کے لئے خود کو خطرے میں ڈالنے والے ڈاکٹروںاور پیرا میڈیکل سٹاف کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔چینی قونصل جنرل لانگ ڈنگ بن نے کہا کہ پاکستان ہمارا بااعتماد دوست ملک ہے ۔ مشکل کی گھڑی میں پاکستانی بھائیوں کی مدد ہمارا فرض ہے ۔چین کے قونصل جنرل لانگ ڈنگ بن ،صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشد ،چیف سیکرٹری ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری اربنائزیشن،سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئراینڈ میڈیکل ایجوکیشن ،سیکرٹری پرائمری و سکینڈری ہیلتھ اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجودتھے۔