لاہور( این این آئی )وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاک ڈائون میں نرمی کے حوالے سے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروانے کا حکم دیاہے-وزیراعلیٰ نے انتظامی اداروں کو لاک ڈاون ایس اوپیز سختی سے مانیٹر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ لاک ڈاون میں نرمی کے حوالے سے ناجائزفائد ہ اٹھانے کی اجازت نہیں ہوگی – عام آدمی کی معاشی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے
لاک ڈاون میں نرمی کی -کورونا کے خطرات بدستورموجود ہیں سب کو احتیاط اورذمہ داری کامظاہرہ کرناہوگا- حکومت پنجاب نے تفصیلی مشاورت کے بعد نئے اقدامات اٹھائے ہیں-وزیراعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ تاجربرادری اور عوام کورونا سے بچاو کے لئے ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں گے- انہوںنے متنبہ کیاکہ جو کاروباری ادارے اور انڈسٹریل یونٹس ایس او پیزپرعمل نہیں کریں گے انکے خلاف ایکشن ہوگا- ایس او پیز کی خلاف ورزی کے ارتکاب کرنے والے اداروں کی اجازت منسوخ کردی جائے گی – حکومت عوام کو ریلیف دینے کے ساتھ ساتھ علاج و معالجے کے لئے اقدامات پر کاربند ہے – صوبہ بھر میں کورونا کے سدباب کے لئے ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں – وفاق کی رہنمائی میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے فیصلے کیے جارہے ہیں –