لاہور( این این آئی )صوبائی دارالحکومت لاہور میں صبح 8 بجے سے رات 8 بجے کی چھوٹ کے بعد باہر آنے والے شہریوں سے سختی سے نمٹنے کا فیصلہ کر لیا گیا ۔لاہور کے داخلی اور خارجی راستوں کے بعد شہر کی اہم شاہراہوں پر بھی اب سختی ہوگئی۔ انتظامیہ نے غیر ضروری طور پر باہر آنے والے شہریوں سے حتمی طور پر نمٹنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ایمبولینس، گڈز ٹرانسپورٹ، میڈیا،
ڈاکٹرز اور پولیس کے علاوہ غیر ضروری افراد کو باہر نکلنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔ ایسے تمام افراد کیخلاف دفعہ 144 کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔سی سی پی او لاہور کی جانب سے جاری ہدایت میں شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ صبح 8 سے رات 8 کے درمیان اپنے ضروری کام نمٹا لیں۔ رات 8 بجے کے بعد شہری غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔