لاہور( این این آئی)لاہور ہائیکورٹ میں سرجیکل ماسک کی قیمتوں اضافے کیخلاف دائر درخواست کی سماعت کے دوران پنجاب حکومت نے سرجیکل ماسک کی قیمت مقرر کرنے کے حوالے سے جواب جمع کرادیا۔لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس مامون رشید شیخ نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی ۔
فاضل عدالت نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کیا حکومت دفعہ 144 نافذ کررہی ہے ۔سرکاری وکیل نے جواب دیا کہ گزشتہ روز میٹنگ میں یہ فیصلہ ہوا ہے کہ سرجیکل ماسک کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف دفعہ 144 نافذ کی جائے،ماسک کی قیمتوں کا تعین وفاقی حکومت کرے گی ۔ فاضل عدالت نے کہا کہ آپ قیمتوں کو بڑھنے سے روکنے کے دفعہ 144 نافذ کریں۔ سرکاری وکیل نے کہا کہ صوبائی حکومت کا خط موصول ہوگیا ہے ایک دو دن میں فیصلہ ہوجائے گا۔ چیف جسٹس مامون رشید شیخ نے کہا کہ ہماری قسمت اچھی ہے کہ کرونا وائرس پاکستان میں نہیں،لوگ ڈرے ہوئے ہیں ان کا خوف دور کریں ،دفعہ 144 کے نفاذ کے حوالے سے فیصلہ کرکے آج عدالت کو آگاہ کریں ۔ فاضل عدالت نے کہا کہ میڈیا پر اس وائرس سے بچائو کیلئے آگاہی مہم چلائیں، ڈینگی کی طرح کرونا وائرس سے متعلق بھی تشہیر کریں۔ فاضل عدالت نے آئندہ سماعت پر کرونا وائرس سے بچائوکی تدابیر کی تشہیر اور ماسک کی قیمتوں کے حوالے سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔