لاہور( این این آئی)لاہور ہائیکورٹ نے ایران میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے دائر درخواست پر وفاقی حکومت سمیت فریقین سے جواب طلب کرلیا ۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید نے محمد آصف ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی۔درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ ایران میں پاکستانی زائرین زیارتوں کے لیے گئے ہوئے ہیں، حکومت پاکستان کی جانب سے ایران کے ساتھ فلائٹ آپریشن معطل کر دیا گیا ہے۔
کرونا وائرس کے پیش نظر پاکستان نے ایران کے ساتھ باڈر بھی بند کر دیا ہے،درخواست گزار کے رشتہ دار بھی ایران کے شہر مشہد میں موجود ہیں اور وہ تندرست ہیں،کرونا وائرس میں مبتلا نہ ہونے کے باوجود پاکستانیوںشہریوں کو واپس نہیں آنے دیا جا رہا،حکومت زائرین کی واپسی کے لیے کوئی اقدامات نہیں کر رہی ہے، استدعا ہے کہ زائرین کی واپسی کے لیے اقدامات کرنے کا حکم دیا جائے۔