لاہور( این این آئی )قومی احتساب بیورو(نیب)نے مسلم لیگ(ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں ان کی اہلیہ، بیٹی اور داماد کو بھی شامل تفتیش کرلیا ۔ذرائع کے مطابق نیب نے رانا ثنااللہ کی اہلیہ، داماد اور بیٹی کو بھی اثاثہ جات سے متعلق آگاہی کے لئے پرفارمہ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فیملی کے تینوں اراکین سے متعلق نیب نے رانا ثنااللہ سے سوال وجواب کیے تھے۔راناثنا اللہ سے ان کے
داماد شہریار رانا کے ذرائع آمدن اور بیٹی کے نام پر اثاثوں کی تفصیل پوچھی گئی تھی۔ اطلاعات کے مطابق نیب نے رانا شہریار کے اثاثوں کی چھان بین بھی شروع کردی ہے کیونکہ تفتیشی حکام کا الزام ہے کہ رانا ثنا اللہ نے اپنے اثاثے خاندان کے نام پر بنا رکھے ہیں۔نیب کا الزام ہے کہ رانا شہریار سابق وزیر قانون کے بینیفشری ہیں اس لیے ان کے اثاثوں کی چھان بین کے متعلقہ اداروں سے ریکارڈ حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔