اسلام آباد (این این آئی)شہزادہ ولیم نے اپنے پہلے 5 روزہ پاکستانی دورے کے دوسرے دن شیروانی پہن کر تاریخ رقم کردی اور وہ شیروانی پہننے والے پہلے شاہی فرد بن گئے۔ان سے قبل ان کے والد شہزادہ چارلس بھی پاکستان آچکے ہیں، تاہم انہوں نے شیروانی نہیں پہنی تھی۔
شہزادہ ولیم نے دوسرے روز پاکستان کے قومی جھنڈے سے مشابہہ رنگ کی شیروانی پہنی اور ان کی جانب سے اس لباس پہننے کے عمل کو برطانوی و عالمی میڈیا نے بھی اہم خبر کے طور پر شائع کیا۔اس سے زیادہ اہم بات یہ ہے کہ شہزادہ ولیم کی جانب سے پہنی گئی ہرے رنگ کی شیروانی پاکستانی ڈیزائنر نے تیار کی تھی۔ شہزادہ ولیم کی جانب سے پہنی گئی ہرے رنگ کی شیروانی کو پاکستانی فیشن ڈیزائنر نعمان عارفین نے تیار کیا تھا۔نعمان عارفین نے بتایا کہ شہزادہ ولیم نے خود ان کے ڈیزائن کردہ لباس برطانیہ کے فیشن برانڈ ’اونیٹا‘ پر پسند کیے، جس کے بعد اسٹور نے انہیں شیروانی بنانے کا آرڈر دیا۔نعمان عارفین کے مطابق اسٹور کے عملے نے انہیں کہا کہ وہ ہنگامی بنیادوں پر شیروانی تیار کریں۔پاکستانی ڈیزائنر کے مطابق انہوں نے آرڈر ملنے کے محض 2 دن بعد شہزادہ ولیم کے لیے شیروانی تیار کی اور اس کے لیے انہوں نے دیگر عملے کے ساتھ مل کر دن رات کام کیا۔نعمان عارفین نے بتایا کہ انہوں نے شہزادہ ولیم کے لیے شیروانی کے علاوہ بھی دیگر پاکستانی طرز کے ڈریس تیار کیے ہیں، تاہم انہیں اس بات کا علم نہیں کہ شہزادہ ان کے تیار کردہ لباس کب اور کہاں پہنیں گے۔