اسلام آباد (این این آئی) وزیر انسداد منشیات شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ رانا ثنا کیخلاف جان بوجھ کر کچھ کیا ہو تو اللہ مجھے کلمہ نصیب نہ کرے، اینٹی نارکوٹکس فورس پنجاب (اے این ایف) نے تین ہفتے تک رانا ثناء اللہ کا تعاقب کیا،
اسکی فوٹیج ان کے پاس ہے اور وہ تمام ثبوت اے این ایف عدالت میں پیش کریگی۔ جمعرات کوقائمہ کمیٹی برائے انسداد منشیات کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کیساتھ نہ وزیر اعظم اور نہ میری دشمنی ہے، اگرمیں نے خود ان کیخلاف جان بوجھ کر کچھ کیا ہو تو اللہ مجھے کلمہ نصیب نہ کرے۔انہوں نے کہاکہ اگر ہم ذاتیات پر آتے تو رانا ثناء اللہ کو پریس کے سامنے نہ جانے دیتے۔انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ ایک صوبیدار کے بیٹے ہیں،ہمیں معلوم ہے انکے پاس، انکی بیوی اور داماد کے پاس کتنی جائیداد ہے اور گزشتہ کتنے سالوں میں ان کی جائیداد میں کتنا اضافہ ہوا ہے۔شہریار آفریدی نے کہا کہ پاکستان مصنوعی انٹیلی جنس میں آج بہت آگے ہے، ہندوستان، پاکستان کو فنانشل ٹاسک فورس میں بلیک لسٹ کرانے میں لگا ہے، اب ہم بتا سکتے ہیں کہ بھارت میں کتنے لوگ منی لانڈرنگ اور منشیات سمگلنگ میں ملوث ہیں۔انہوں نے کہاکہ ڈیٹا بنک نے پاکستان کو دنیا میں بہترین ممالک میں شامل کر دیا، 250 کے قریب عالمی تسلیم شدہ اداروں سے منی لانڈرز اور منشیات فروشوں کا ڈیٹا حاصل کر لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اب ہر دس منٹ بعد ہمارا ڈیٹا اپ ڈیٹ ہو گا، انٹرپول کا سابق صدر رونلڈ روبن، پاکستان سے ڈیٹا مانگ رہا ہے اورمتحدہ عرب امارات بھی ہم سے اس ڈیٹا کے سلسلے میں بات کر رہا ہے۔