لاہور (آن لائن)لاہور کی احتساب عدالت نے مسلم لیگ نون کے صدر میاں شہباز شریف کے صاحبزادے اور پنجاب اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف حمزہ شہباز شریف کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 دن کی توسیع کر دی۔اس سے قبل قومی احتساب بیورو (نیب) کی ٹیم نے حمزہ شہباز کو آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں احتساب عدالت لاہور میں پیش کیا۔ احتساب عدالت کے ایڈمن جج چوہدری امیر محمد خان نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے حمزہ شہباز شریف کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی
توسیع کر دی۔انہوں نے حمزہ شہباز شریف کو 16 اکتوبر کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم بھی دیا۔عدالت نے آئندہ سماعت پر نیب کے تفتیشی افسر سے مکمل رپورٹ طلب کر لی۔احتساب عدالت میں حمزہ شہباز شریف کی پیشی کے موقع پر عدالت کے اطراف میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔واضح رہے کہ حمزہ شہباز کو انہی کیسز میں گزشتہ ماہ (18 ستمبر) کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا تھا اور اس موقع پر عدالت نے ان کے ریمانڈ میں 2 اکتوبر تک توسیع دی تھی۔