اسلام آباد (آن لائن) عیدالاضحیٰ کے حوالے سے محکمہ موسمیات اور وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے مختلف تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے۔ تفصیلا ت کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ذوالحج کا چاند 2 اگست کو نظر آئے گا جبکہ عیدالاضحیٰ 13 اگست کو ہو گی۔جبکہ اس سے قبل فواد چوہدری نے اپنے ایک ٹویٹ میں بتایا تھا کہ ہجری کیلنڈر کے مطابق عیدالاضحیٰ پیر 12 اگست 2019 کو ہو گی جبکہ محرم اتوار یکم ستمبر2019 کو ہو گا۔اس کے برعکس محکمہ موسمیات کے مطابق یکم اگست
کو 8 بج کر 12 منٹ پر چاند پیدا ہونا شروع ہوجائے گا اور 2 اگست کو عید الاضحیٰ کا چاند دیکھا جاسکے گا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 2 اگست کو ملک کے بیشتر حصوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا تاہم اس وقت چاند کی عمر 35 گھنٹے 29 منٹ ہوگی اور یہ 53 منٹ تک افق پر دیکھا جائے گا۔واضح رہے کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی جانب سے تیار کردہ ایپ پر اگلے پانچ برسوں کا قمری کیلنڈر دیکھا جا سکتا ہے، اس سے قبل عید الفطر کا دن اور تاریخ بھی اسی کیلنڈر کے مطابق درست ثابت ہوئے تھے۔