کراچی(این این آئی) ٹریفک پولیس نے ہیلمٹ کی خصوصی مہم کی خلاف ورزی پر 25 روز کے دوران شہریوں کیساڑھے 5 کروڑ سے زائد کے چالان کردیئے جبکہ رانگ وے مہم میں صرف 4 روز میں 50 لاکھ روپے کے قریب چالان ہوئے۔تفصیلات کے مطابق ٹریفک پولیس کی خصوصی مہم میں تاریخ کے سب سے بھاری چالان کئے گئے، 25 روز کے دوران شہریوں کے ساڑھے 5 کروڑ سے زائد کے چالان کئے،
جبکہ رانگ وے مہم میں صرف 4 روز میں 50 لاکھ روپے کے قریب چالان کئے۔کراچی کے 7 اضلاع کی 25 روزہ کارکردگی رپورٹ جاری کردی ہے، جس میں ڈی آئی جی ٹریفک جاوید مہر نے بتایا ہیلمٹ نہ پہننے والے شہریوں کے3 لاکھ40 ہزار 669 چالان کییگئے، قانون کی خلاف ورزی پر 2 لاکھ 20 ہزار 548 موٹرسائیکلیں ضبط کی گئی۔جاوید مہر کا کہنا تھا کہ ہیلمٹ مہم میں اب تک 5 کروڑ 11 لاکھ کے چالان کئے جبکہ رانگ وے کی خلاف ورزی پر صرف 4 روز میں 40 لاکھ 94 ہزار کے چالان کیے۔ڈی آئی جی ٹریفک نے کہا رانگ وے پر 18 ہزار 9 سو 22 شہریوں کے چالان کیے گئے، چالان ایسٹ، ویسٹ، ساتھ، سٹی، ملیر، سینٹرل، کورنگی میں کیے گئے۔یاد رہے چند روز قبل جاوید علی مہر کا کہنا تھا کہ ہیلمٹ مہم اور اب ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مہم کا مقصد قانون کی پاسداری کرنے والے شہریوں کے ساتھ ہونے والی زیادتی کو روکنا ہے، عموما ٹریفک پولیس ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کو نظر انداز کرتی ہے لیکن اس مہم کے دوران ٹریفک پولیس خلاف ورزی کرنے والوں کی گرفتاریاں بھی کرے گی۔جاوید علی مہر نے شہریوں کو متنبہ کیا کہ ون وے کی پابندی ان کی اپنی جان کے تحفظ کے لیے ہے، لہذا شہری اب ون وے کی خلاف ورزی کرنے سے گریز کریں۔ڈی آئی جی ٹریفک نے ہیلمٹ مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرانے پر مہم میں تعاون کرنے والے میڈیا اور دیگر سول سوسائٹی کا بھی شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی وہ شہریوں کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔خیال رہے یکم جولائی کو ڈی آئی جی ٹریفک نے ہیلمٹ پہننا لازم مہم کا آغاز پر کہا تھا کسی کو بھی بنا ہیلمٹ بائیک چلانے نہیں دیں گے اور شارع فیصل پر بغیرہیلمٹ سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔