لاہور(این این آئی ) مال روڑ پر بلا اجازت جلسہ کرنے پر متحدہ اپوزیشن کی قیادت کے خلاف تھانہ سول لائن میں مقدمہ درج کرلیاگیا۔ شہبازشریف، قمر زمان کائرہ سمیت 58 رہنماوں کو براہ راست نامزد کر دیا گیا۔متحدہ اپوزیشن کو مال روڈ پر جلسہ کرنا مہنگا پڑ گیا۔ مال روڑ پر بلا اجازت جلسہ کرنے،
پولیس کے ساتھ جھڑپ، ریلی کی قیادت کرنے اور دیگر دفعات کے تحت متحدہ اپوزیشن کی قیادت کے خلاف تھانہ سول لائن میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ایف آئی آر میں شہباز شریف، قمر زمان کائرہ، وحید عالم، میاں مرغوب، مبشر جاوید، عظمی بخاری، مجتبیٰ شجاع الرحمان، خرم دستگیر سمیت 1900 نا معلوم کارکنوں کو نامزد کیا گیا۔ مقدمہ تھانہ سول لائنز کے تھانہ میں درج کیا گیا۔ سرکاری ملازمین پر تشدد، سائونڈ سسٹم ایکٹ، سڑک بلاک کرنے، نقص امن سمیت متعدد دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ تھانہ قلعہ گجرسنگھ نے بھی بغیر اجازت پبلسٹی اور دیگر دفعات کے تحت اپوزیشن کے کارکنوں کے خلاف دو الگ مقدمات درج کئے ہیں۔یاد رہے لاہور ہائی کورٹ پہلے ہی مال روڈ پر جلسے اور جلوس کے انعقاد کے خلاف حکم دے چکی ہے۔