اسلام آباد(آن لائن) وزیر اعظم عمران خان کے دورہ امریکہ کے موقع پر پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کو لے کر کمیونٹی میں زبردست جوش وخروش پایاجارہا ہے ،وزیراعظم کے خطاب کے مقام کیلئے پہلے ہی 10ہزار سے زائد افراد کی جانب سے بکنگ کرائی جاچکی ہے،امریکہ کی تمام ریاستوں سے پاکستانی کمیونٹی کے افراد ریلیوں کی شکل میں واشنگٹن ڈی سی پہنچنا شروع ہو گئے ہیں،یہ تقریب 22جولائی کو ہوگی،پاور شو امریکی اسٹیبلشمنٹ کے لئے ایک نئی راہ متعین کرے گا۔
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق امریکہ میں موجود پی ٹی آئی کے تمام دھڑے سیاسی دھڑے بندھیوں کے باوجود یکجا نظر آ رہے ہیں اور وزیر اعظم عمران خان کے دورے کو لے کر جوش و خروش دیدنی نظر آ رہا ہے۔ کسی بھی پاکستانی سربراہ کے دورہ کے موقع پر یہ سب سے بڑا اجتماع ہو گا۔ اجتماع کے تمام اخراجات پی ٹی آئی کی لوکل تنظیمیں برداشت کر رہی ہیں جبکہ ماضی یمں پاکستانی سربراہ مملکت کے دورہ کے موقع پر یہ خرچ پاکستانی حکومت برداشت کرتی رہی ہے۔وزیر اعظم جس ایرینہ میں کمیونٹی سے خطاب کررہے ہیں اسکی دس ہزار سے زائد بکنگ پہلے ہی ہوچکی ہے اور امکان ہے یہ مقام پاکستانی کمیونٹی سے بھر جائے گا،امریکہ کی تمام ریاستوں میں مقیم پاکستانیوں نے ریلیوں کی شکل میں اس مقام کی طرف رخ کرلیا ہے ،اور اگر یہ ایرینہ بھر گیا تو ایساکسی بھی پاکستانی سربراہ مملکت کے دورے کے موقع پر پہلا موقع ہوگا۔ یاد رہے کہ وزیر اعظم کے دورے سے حوالے سے کافی کنفیوڑن پا ئی جاتی رہی ہے جو وائٹ ھاوس کے بیان کے بعد دور ہو چکی ہے۔ جبکہ وزیر اعظم کی رہائش کے حوالے سے بھی اب یہ بات سامنے آئی ہے کہ سرکاری طور پر امریکی دورہ پر آئے ہوئے سربراہان کی رہائش گاہ بلئیر ھاؤس کی تزئین اور مرمت کا کام ہو رہا ہے لہذا وزیر اعظم پاکستان پاکستان سفارتخانے یا کسی ہوٹل میں قیام کرینگے،بلئیرہاؤس کی تزئین و آرائش کا کام دورے کے بعد بھی جاری رہے گا۔