کراچی(این این آئی)نیوز اینکر مرید عباس قتل کیس میں اہم موڑ آگیا،قتل کے ملزم عاطف زمان کے والد نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کا بیٹا چند روز قبل تاوان کی ادائیگی کے بعد رہا ہوا تھا۔قتل کے ملزم عاطف زمان کے والدین مانسہرہ میں ہیں اور انہوں نے قانونی کارروائی کے لیے وکیل سے رجوع کرلیا ہے۔ وکیل کے مطابق ملزم کے والدنے کہاہے کہ چھ روز پہلے عاطف کو اغوا کرلیا گیا تھا، جس میں اس کے قریبی 5سے 6دوست ملوث تھے اور عاطف تاوان دینے کے بعد رہا ہوکر آیا تھا۔
عاطف کے والد کےمطابق واقعے کے حقائق ٹی وی پر چلنے والی خبروں سے مختلف ہیں۔ وکیل منصف جان نے کہا کہ ان کی اب تک عاطف سے ملاقات نہیں ہوسکی ہے۔واضح رہے کہ منگل کو کراچی کے علاقے ڈیفنس میں نجی ٹی وی چینل کے اینکر مرید عباس کو اس کے دوست عاطف زمان نے پیسوں کے لین دین کے تنازعے پر فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔ ملزم نے خودکشی کی کوشش کی تاہم اس کی جان بچ گئی۔ اس کے خلاف قتل سمیت تین مقدمات درج کرلئے گئے ہیں۔