اسلا م آباد (آن لا ئن) اے پی سی کی تاریخ میں تبدیلی کے معاملے پر اپوزیشن جماعتوں میں پھوٹ پڑ گئی، مولانا فضل الرحمان نے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی درخواست مسترد کر تے ہوئے آل پارٹیز کانفرنس کی تاریخ تبدیل کرنے سے انکار کردیا اور واضح کیا کہ اے پی سی آج (بدھ) کو ہی ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق حکومت کو گرانے یا اس کیخلاف تحریک چلانے کے حوالے سے
بلوائی گئی آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کی تاریخ کے معاملے پر اپوزیشن جماعتوں میں پھوٹ پڑ گئی ہے،پیپلز پارٹی، پاکستان مسلم لیگ ن اور اے این پی کی جانب سے جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے درخواست کی گئی ہے کہ 26 مئی کو شیڈول آل پارٹیز کانفرنس ملتوی کر دی جائے بجٹ کے معاملے پر قومی اسمبلی کا سیشن جاری ہے جو 29 جون تک جاری رہے گا اسی لیے ن لیگ، پیپلز پارٹی اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نے آل پارٹیز کانفرنس فی الحال ملتوی کرنے کی درخواست کی ہے تاہم جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی درخواست قبول کرنے سے انکار کرتے ہو ئے مو قف اختیا ر کیا کہ چونکہ آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کیلئے دعوت نامے بھیجے جا چکے، اس لیے کانفرنس ملتوی نہیں کی جا سکتی لہذا اے پی سی آج (بدھ)کو ہی ہو گی۔ ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن جماعتوں کو مشورہ دیا ہے کہ اپوزیشن کے اراکین اسمبلی استعفیٰ دے دیں، یوں حکومت خود ہی ختم ہو جائے گی اپوزیشن جماعتوں نے اس حوالے سے مشاورت کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔ تاہم اس حوالے سے مولانا فضل الرحمان کو کوئی حتمی جواب دینے سے گریز کیا گیا ہے۔