اسلام آباد(آن لائن) وفاقی حکومت نے بیرون ملک سے لائے گئے ایک موبائل فون پر بھی درآمدی ڈیوٹی چھوٹ ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جس پر یکم جولائی سے عملدرآمد کئے جانے کا امکان ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بیرون ملک سے ایک ذاتی فون لانے پرڈیوٹی نہیں تھی اور اس کی صرف رجسٹریشن کرانا ہوتی تھی مگر اب وفاقی حکومت نے یہ ڈیوٹی چھوٹ ختم کرنے کا بھی فیصلہ کر لیا ہے۔ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے گزشتہ تین ماہ کے ریکارڈ اعداد و شمار کو مدنظر رکھ کر ٹیکس چھوٹ ختم کرنے
کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ گزشتہ 3ماہ میں بیرون ملک سے لائے گئے 10لاکھ موبائل فون رجسٹرڈ کرائے گئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک لاکھ یازائد کے موبائل فون پر 65 ہزار روپے ڈیوٹی ادا کرنا لازمی ہو گا جبکہ کوئی بھی موبائل فون بیرون ملک سے لائے جانے پرامپورٹ یکم جولائی سے کئے جانے کا امکان ہے۔پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے آن لائن رجسٹریشن اور شکایت کا نظام مزید فعال اور آسان بنا دیا ہے جبکہ ایف بی آر ٹیکس کی وصولی پی ٹی اے کے رجسٹرڈ موبائل فون کے ڈیٹا سے کرے گی۔