اسلام آباد (این این آئی)اسلامی تہواروں پر قومی ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کیلئے وزیر مذہبی امور متحرک ہوگئے ۔ ذرائع کے مطابق اسلامی تہواروں پر قومی ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کیلئے وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کی خصوصی ہدایت پر وزارتِ مذہبی امور نے رویت ہلال سے متعلق قانون سازی کیلئے مسودہ بل تیار کر لیا۔ ذرائع نے بتایا کہ آئین کی شق 144 کے تحت رویت ہلال پر قانون سازی کیلئے صوبائی اسمبلیوں سے قرارداد درکار ہو گی۔
سندھ اسمبلی قانون سازی کے حق میں پہلے ہی قرارداد منظور کر چکی ہے۔ پیر نور الحق قادری نے حمایت حاصل کرنے کیلئے باقی صوبوں کے وزرائے اعلی کو خطوط جاری کر دئیے۔ صوبوں کی حمایت کے بعد رویت ہلال مسودہ بل منظوری کیلئے وفاقی کابینہ بھیجا جائے گا۔ رویت ہلال پر موثر قانون سازی سے مذہبی تہواروں پر قومی ہم آہنگی کو فروغ ملے گا اور عوام کو عیدین پر دو ، دو اعلانوں کی وجہ سے ہر سال ہونے والی ذہنی اذیت سے نجات مل جائے گی۔