اسلام آباد (آن لائن) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نیب اندھا اور کالا قانون ہے اس کو ختم ہونا چاہیے اس وقت ملک میں افراتفری کا عالم ہے اسٹاک مارکیٹ بھی نیچے آگئی ہے اگر ان سے حکومت نہیں چلتی تو اسمبلی توڑ کر نئے انتخابات کروا دیئے جائیں۔
نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت الزامات نہیں لگایا کرتی اجلاس چلانا حکومت کا کام ہے یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ حکومت گالیاں دے رہی ہے اور الزامات لگا رہی ہے۔ نیب اندھا اور کالا قانون ہے احتساب کیلئے ایف آئی اے کا قانون موجود ہے نیب کو ختم کرنا چاہیے یہ آمر کا بنایا ہوا قانون ہے۔ نیب نے پاکستانی حکومت کو مفلوج کردیا ہے۔ شہباز شریف کو 79 دن نیب کی حراست میں رکھا گیا لیکن ان پر الزام ثابت نہیں ہوسکا یہ کرپشن ختم کرتے کرتے کہیں ملک نہ ختم کردیں ملک میں ہر قانون موجود ہے ان قوانین کو نافذ کرنے کی ضرورت ہے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پنجاب میں تبدیلی (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی مل کر لاسکتی ہے۔ ملک میں اس وقت افراتفری کا عالم ہے اسٹاک مارکیٹ بھی نیچے آچکی ہے۔ ہمارے دور حکومت میں گیس کا ریٹ نہیں بڑھایا گیا ہم دو گھنٹے میں بحران ختم کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام اس تبدیلی سے تنگ ہیں موجودہ حکومت کے آٹھ مہینے عوام کے سامنے ہیں اگر ان سے حکومت نہیں ہوتی تو اسمبلی توڑ کر نئے انتخابات کروا دیئے جائیں۔