اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ جو معیشت کی حالت پی ٹی آئی حکومت نے کر دی ہے اس میں ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ ہوں یا کوئی اور جو بھی نیا وزیر خزانہ آئے گا وہ مزید خرابی ہی پیدا کرے گا۔
اسدعمر نے ملکی معیشت کو کتنا فائدہ پہنچایا ہے یا نقصان پہنچایا ہے یہ کیس نیب کو دے دیں، نیب یہ سب کام کرتی ہے اور نیب یہ سب کام جانتی ہے کہ کون فائدہ پہنچاتا ہے اور کون نقصان پہنچاتا ہے۔ ملکی مسائل کا مجھے اور کوئی حل نظر نہیں آتا اور ہمیں دوبارہ الیکشن میں جانا پڑے گا۔ سب اس بات کا عہد کریں کہ ملک میں شفاف الیکشن کروائیں گے، پاکستان کی عوام جو فیصلہ کریں گے سب اس کو قبول کریں گے۔ لوگوں کی رائے سے بہتر کوئی رائے نہیں ہے ، کسی کوحق حاصل نہیں ہے ، نہ کسی کے پاس یہ اختیار ہے ، نہ کسی میں اتنی قابلیت ہے کہ وہ یہ کہہ سکے کہ ملک کے عوا م کا فیصلہ درست نہیں ہے میرا فیصلہ درست ہے اور جب بھی ہم نے یہ کیا ہے ہم نے نقصان اٹھایا ہے۔چوہدری نثار اگر وزیر اعلیٰ پنجاب کے امیدوار بنتے ہیں تو ان کی حمایت کا فیصلہ (ن) لیگ کی پارلیمانی پارٹی کرے گی ، پارٹی کی قیادت کرے گی اور میاں محمد نواز شریف کریں گے۔ نواز شریف کو علاج کی ضرورت ہے اور یہ حقیقت ہے کہ ان کا علاج شاید پاکستان میں ممکن نہ ہو۔ نواز شریف کو پرانی بیماری ہے جو وقت کے ساتھ بڑھ گئی ہے اوراس میں مزید پیچیدگیاں پیدا ہو گئی ہیں۔