اسلام آباد (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن )کے رہنما اور اسدعمر کے بھائی محمدزبیر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو بتانا چاہیے کہ ایسا کیا ہوا کہ انہوں نے اچانک اسدعمر کو فارغ کیا۔ایک انٹرویومیں محمدزبیر نے کہا کہ اسدعمر سمجھتے تھے کہ آئی ایم ایف اچھی چیز نہیں ہے کیونکہ یہ ملکوں کو تباہ کردیتا ہے، اب کنفیوژن یہ ہے کہ عمران خان نے انہیں مجبور کیا یا انہوں نے عمران خان کو اس پر راضی کیا۔انہوں نے کہاکہ عمران خان کہتے تھے کہ پیپلزپارٹی کے دور میں ملک پر قرضہ چڑھا، تب حفیظ شیخ اورشوکت ترین ہی وزیرخزانہ تھے
اور اب یہ دونوں تحریک انصاف کی ٹیم کا حصہ ہیں۔محمدزبیرنے کہا کہ پچاس لاکھ نوکریاں اور ایک کروڑ گھروں کے حوالے سے حکومت کے پاس کوئی منصوبہ بندی ہی نہیں ہے۔ ملک میں معاشی سرگرمیاں بڑھائیں، یہ ہی مسائل کا حل ہے۔انہوں نے کہاکہ نیب کے پاس بڑے بڑے کاروبار سے جڑے معاملات کی تحقیقات کی اہلیت نہیں ہے، احتساب اور تحقیقات ایک ساتھ نہیں چل سکتے ، حکومت کو یہ سمجھنا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہاکہ قومی اداروں کاخسارہ کم کریں یا اسکے علاوہ جو بھی کرناہے جلدی کریں تاکہ عوام سے بوجھ کم ہو۔