اسلام آباد/لاہور( این این آئی) وزیر اعظم عمران خان سے وزیرا علیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے ملاقات کر کے صوبے کی سیاسی اور مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے ملاقات میں وزیر اعلی عثمان بزدار کو صوبے سے متعلق روڈ میپ دیدیا ہے ۔ وزیر اعظم نے وزیر اعلیٰ کو صوبائی وزراء کی کارکردگی جانچنے کی ہدایت کرتے ہوئے
واضح کہا ہے کہ جو وزراء کارکردگی نہیں دکھا رہے ان کو گھر بھجوانے کی تیاری کریں ۔ وزیر اعظم نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے پولیس اصلاحات سے متعلق اب تک کی پیشرفت سے بھی آگاہی حاصل کی ۔وزیر اعظم نے کہا کہ پنجاب اہم صوبہ ہے یہاں حکومت کی کارکردگی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کروں گا۔ عوام کی پی ٹی آئی سے بہت توقعات ہیں ان کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچنے دیں گے۔