راولپنڈی( آن لائن )راولپنڈی کی تاریخ میں پہلی بار خواجہ سراؤں کے لئے دینی تعلیم کی درسگاہ کا افتتاح کردیا گیا،صادق آباد میں موجود خواجہ سراؤں کے لئے نئے مدرسہ کا افتتاح پاکستان پیس کونسل کے جوائنٹ سیکرٹری قاری امجد علی اسلام نے کیا تقریب میں کثیر تعداد میں خواجہ سراؤں نے شرکت کی
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قاری امجد علی اسلام،مولانا زاہد اور مفتی عبدالواجد نے کہا کہ ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ آج راولپنڈی کی تاریخ میں ان لوگوں کے لئے مدرسہ قائم کیا گیا جنہیں معاشرے میں لوگ کوئی اہمیت نہیں دیتے اس مدرسہ میں جس نے بھی تعاون کیا اللہ کریم اس سے بہت خوش ہوا ہوگا اور ہم اس حوالے سے خواجہ سرا شکیل عرف سونو کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جن کی کوششوں اور محنتوں سے یہ مدرسہ قائم ہوامالک کائنات نے ان کو یہ سعادت بخشی کہ وہ تبلیغ کے لئے گئے اور ہمیشہ کے لئے اس راہ کے راہی بن گئی اور یہی نہیں اپنے اور ساتھیوں کو بھی اپنے ساتھ ملا لیا اور ان کو سیدھے راستے کی طرف چلنے کی ترغیب دلائی الحمداللہ اس تعلیمی ادارے میں 20سے زائد خواجہ سرا نے داخلہ لیا ہے اور اس میں 150 کے قریب خواجہ سراؤں کی گنجائش ہے اس درسگاہ میں بنیادی قرآنی تعلیم کے لئے 3 اساتذہ قرا کو مقرر کیا گیا ہے جو خواجہ سراؤں کو دینی تعلیمات سے روشناس کریں گے انہوں نے کہا کہ یہ عمل قابل تعریف ہے سب خواجہ سراؤں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ گندی زندگی سے تائب ہوکر سیدھے راستے کی طرف رجوع کریں یہ راستہ کامیابی کا راستہ اور یہ کامیابی جنت میں لیجانے کا سبب بنے گی اور گندی زندگی ذلت و رسوائی کی زندگی ہے لیکن دین اسلام کی زندگی مٹھاس محبت،امن وا ستحکام اور عزت و فضیلت والی زندگی ہے۔