پشاور ( آن لائن)خیبر پختونخوا حکومت خواتین افسران کو اہم عہدوں پر تعینات کر کے دیگر صوبوں سے بازی لے گیا ۔ صوبے میں خواتین افسران کی تعداد کم ہونے کے باوجود اہم عہدوں پر خواتین کی تعیناتی دیگر صوبوں سے بہتر ہے ۔
رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا میں پولیس ، پاکستان ایڈمنسٹریٹو گروپ سے تعلق رکھنے والے خواتین افسران صوبے کے اہم عہدوں پر خدمات سرانجام دے رہی ہیں اور یہ خواتین افسران مردوں کے شانہ بشانہ خدمات سرانجام دے رہی ہیں ۔ پولیس گروپ سے تعلق رکھنے والی ایس پی سونیا شمروز کو تربیتی سینٹر کے سربراہ صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ تعینات کیا گیا ہے ۔مس وزیر سپیشل مجسٹریٹ ، اسسٹنٹ کمشنر پشاور ساحرہ رحمان ، اے سی خان پور گل بانو ، ڈی ایس پی ٹریفک ، ڈی ایس پی ایلیٹ فورس کے علاوہ صوبے کے مختلف محکموں میں خواتین سربراہان خدمات سرانجام دے رہی ہیں اس سے قبل ڈی جی ہیلتھ خیبر پختونخوا اور ڈپٹی کمشنر ہری پور بھی خاتون رہ چکی ہیں ۔ صوبائی خاتون محتسب کی تقرری بھی صوبائی حکومت کی جانب سے کی گئی ہے ۔ اسسٹنٹ کمشنرز ، ڈپٹی کمشنرز ، ایڈیشنل سیکرٹری ، ڈپٹی سیکرٹریز سمیت دیگر انتظامی عہدوں پر خواتین پولیس افسران کی تعیناتی حقیقی دعوئوں میں تبدیلی آئی ہے ۔