اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اسد عمر نے وزیر خزانہ کے عہدے سے استعفیٰ دینے کے بعد اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وہ عمران خان کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہر مشکل وقت میں ان کا ساتھ دیا، میڈیا پر جاری خبروں کے بعد بہتر سمجھا کہ خود میڈیا پر آئوں اور سوالات کے جوابات دوں،وزارت سے متعلق کل رات پہلی مرتبہ بات ہوئی ۔وزیر اعظم عمران خان نے پھرمجھے آج صبح بلایا اور کہا کہ وہ کابینہ میں کچھ تبدیلیاں کرنا چاہتے ہیں اور وہ وزیر پٹرولیم کا عہدہ سنبھال لیں لیکن میں نے معذرت کر لی ۔
اس کا مطلب یہ نہیں کہ میں نے پی ٹی آئی کا ساتھ چھوڑ دیا۔تحریک انصاف کے ساتھ اچھا سفر گزرا ہے ۔ جب میں نے عہدہ سنبھالا تو معیشت خطرناک ترین موڑ پر کھڑی تھی لیکن اب صورتحال مختلف ہے ۔ میںمشکل فیصلے کرنے سے نہیں گھبراتا۔ نئے وزیر خزانہ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں ۔ عمران خان اور پی ٹی آئی کے وژن کیساتھ کھڑا ہوں ۔ این اے 54کے عوام کا شکر گزار ہوں جنہوں نے میرا ساتھ دیا۔