پشاور(اے این این ) خیبرپختونخوا کے تمام ہسپتالوں میں ڈاکٹرز نے ہڑتال کرتے ہوئے ایمرجنسی سروسز کے سوا تمام سروسز معطل کردیں۔خیبرپختونخوا میں ڈاکٹرز کے بڑے پیمانے پر تبادلے، سرکاری ہسپتالوں کی نجکاری اور کرپشن کے خلاف ڈاکٹرز نے ہڑتال کردی۔
ڈاکٹرز نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال سے صوبائی اسمبلی تک لانگ مارچ کیا جس میں صوبہ بھر سے قافلوں کی شکل میں آئے ڈاکٹرز نے شرکت کی۔مظاہرین نے شدید نعرے بازی کرتے ہوئے سڑک کو بند کرکے دھرنا دے دیا جس کے نتیجے میں ٹریفک جام ہوگیا اور گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔ مظاہرین نے ڈاکٹروں کے ایم ٹی آئی ایکٹ اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی نامنظور کے نعرے لگائے۔ اس موقع پر ڈاکٹرز نے بینر اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پرغریب مریضوں کے لئے سستے اور معیاری علاج کی فراہمی یقینی بنائی جائے،ایم ٹی آئی ایکٹ اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی نامنظور۔سیاسی اور انتقامی بنیادوں پر تبادلے نامنظور۔ہسپتالوں میں سیاسی مداخلت ختم کی جائے ۔تمام ٹھیکوں کا فرانزک آڈٹ کیا جائے۔قانون کو بالائے طاق رکھ کر ذاتی پسند ناپسند پرترقیاں نامنظور جیسے مطالبات درج تھے ۔ڈاکٹرز کی تمام نمائندہ تنظیموں پر مشتمل خیبر پختونخوا ڈاکٹرز کونسل کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں کرپشن اور عوام دشمن پالیسیوں کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا، ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کے چیف جسٹس صاحبان ازخود ایکشن لیں، صوبے میں محکمہ صحت کی ناکام پالیسوں اور عوام دشمن پالیسوں کے خلاف بھر پور احتجاج ہوگا۔