اسلام آباد( آن لائن )الیکشن کمیشن 3 بڑی سیاسی جماعتوں اور پارلیمانی رہنمائوں کے اثاثوں کا آڈٹ کرے گا۔ الیکشن کمیشن کے لا ڈیپارٹمنٹ نے طریقہ کار طے کرلیا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بڑی سیاسی جماعتوں کی فنڈنگ کا بھی آڈٹ ہوگا ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن کی طرف سے آڈٹ تین بڑی سیاسی جماعتوں اور پارلیمانی رہنماوں سے شروع کیا جائے گا۔ دیگر رجسٹرڈ جماعتوں اور ارکان کے اثاثوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کی منظوری کے بعد پولیٹیکل فنانس ونگ عمل درآمد شروع کردے گا۔ الیکشن کمیشن قانونی پہلوئوں کا جائزہ لے کرآڈٹ منصوبے کی حتمی منظوری دے گا۔جانچ پڑتال کیلئے نیب،ایف آئی اے،ایف بی آر اور اسٹیٹ بنک آف پاکستان سے بھی معاونت لی جائے گی۔دوسری طرف وزیراعظم اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے درمیان رابطہ نہ ہونے کے باعث الیکشن کمیشن کے ممبران کی تقرری تاحال نہیں ہوسکی۔