بیجنگ (این این آئی)چین نے ایک بارپھر پاکستان کے انسداد دہشتگردی کے خاتمے کیلئے نیشنل ایکشن پلان کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے عالمی سطح پر انسداد دہشت گردی کیلئے بہترین خدمات سرانجام دی ہیں اور کامیابیاں حاصل کی ہیں
امید ہے عالمی برادری پاکستان کے ساتھ مل کر تعاون کرے گی اور عالمی اور خطے کی سلامتی اور استحکام کیلئے کام کرے گی۔پیر کو چین کی وزارت خارجہ کی پریس بریفنگ میں ترجمان نے کہا کہ چین کو پاکستان کے نیشنل ایکشن پروگرام پر مکمل اعتماد ہے، یہ پروگرام انسداد دہشت گردی کیلئے پاکستان کے مصمم عزم کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہاکہ عالمی سطح پر پاکستان نے انسداد دہشت گردی کی کاروائیوں میں بہت سی قربانیاں دی ہیں، کامیابیاں سمیٹی ہیں اور پاکستان کی اس حوالے سے کاکردگی عالمی سطح پر اپنی مثال آپ ہیں۔بریفنگ کے دوران ایک صحافی کی جانب سے اٹھائے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان لوکھانگ نے کہا کہ چین کو پاکستان کے نیشنل ایکشن پلان پر مکمل اعتماد ہے، پاکستان اپنی قومی سلامتی کی پالیسیوں کے مطابق نیشنل ایکشن پروگرام پر مکمل عملدرآمد کریگا۔انہوں نے کہاکہ امید ہے کہ بین الاقوامی برادری پاکستان کے اس عمل کو سراہے گی اور تعاون کرتے ہوئے عالمی اور علاقائی امن و استحکام کی بحالی کیلئے تعاون کرے گی، صحافی کی جانب سے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے رواں ماہ منعقدہ فورم میں بھارت کی عدم شرکت بارے سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ بھارتی حکومت بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے اور اس سے منسلک عوام میں مکمل تعاون کر رہی ہے، آپ لوگ بھارت کی مجبوری کو سمجھیں۔