کراچی(این این آئی)سندھ ہائیکورٹ میں نیب نے پیپلزپارٹی کے رہنمااور ضلع کونسل ٹھٹھہ کے چیئرمین غلام قادر پلیجوکے خلاف غیرقانونی اثاثے بنانے کا الزام ثابت کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔جمعہ کوقومی احتساب بیورو سندھ ہائیکورٹ میں غلام قادر پلیجوکیخلاف غیرقانونی اثاثے بنانے کا الزام ثابت کرنے میں ناکام ہو گئی جس کے بعد غلام قادر پلیجو کو کلین چٹ مل گئی ہے۔پیپلز پارٹی کے رہنما کے خلاف تحقیقات کرنے والے
افسر نے عدالت کو بتایا کہ غلام قادر پلیجو کیخلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے پر تحقیقات میں کچھ ثابت نہیں ہوا۔انکوائری بند کرنے کیلئے سفارش اسلام آباد ہیڈ آفس بھجوادی ہے۔غلام قادر پلیجو کے وکیل نے کہا کہ ان کے موکل کے خلاف دو سال سے انکوائری کی جارہی ہے۔غلام قادر پلیجو کیخلاف اب تک کوئی ثبوت سامنے نہیں آئے۔عدالت عالیہ نے نیب کو حتمی رپورٹ پیش کرنے کیلئے تین ماہ کی مہلت دیدی۔