لاہور/اسلام آباد/پشاور/راولپنڈی/بہاولپور/بورے والا( این این آئی)ساہیوال واقعہ کے خلا ف پنجاب بار کونسل اور خیبر پختوانخواہ بار کی کال پر ہڑتال کی گئی ،وکلاء اور تاجروں کی جانب سے احتجاج کیا گیا جبکہ بورے والا میں سانحہ کے سوگ میں تمام تجارتی مراکز بند رکھے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب بار کونسل کی جانب سے ساہیوال میں پیش آنے والے واقعہ کے خلاف پیر کے روز ماتحت عدالتوں میں ہڑتال کی گئی اور وکلاء عدالتوں میں پیش نہ ہوئے ۔
بار کونسلوں میں واقعہ میں جاں بحق ہونے والوں کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی جبکہ اس موقع پر وکلاء تنظیموں کے عہدیداروں نے واقعہ میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ لاہور ہائیکورٹ بار کے وکلاء نے ساہیوال واقعہ کے خلاف مال روڈ پر احتجاج کیا اور حکومت اور پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔ وکلاء نے مطالبہ کیا ہے کہ اس واقعہ پر حکومتی ذمہ داران فوری مستعفی ہوں ۔حکومت اہلکاروں کو بچانے کی کوشش کر رہی ہے ، جن اہلکاروں نے درندگی کی ہے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔ بہاولپور میں ساہیوال واقعہ کے خلاف ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے وکلا ء نے مکمل ہڑتال کی اور وکلاء عدالتوں میں پیش نہ ہوئے ۔کمالیہ ،بہاولنگر ،مظفر گڑھ، وہاڑی، خانیوال، ڈیرہ غازی خان، رحیم یار خان اور بورے والا سمیت دیگر شہروں کی ڈسٹرکٹ بار زایسوسی ایشنزکے وکلا نے بھی واقعہ کیخلاف ہڑتال کی ۔پشاور میں بھی ساہیوال واقعہ کے خلاف خیبرپختونخوا ہ بار کونسل کی کال پر وکلا کی جانب سے ہائیکورٹ اور ماتحت عدالتوں کا بائیکاٹ کیا گیا ۔ سانحہ ساہیوال پر ڈسٹرکٹ بار اسلام آباد کی جانب سے ہڑتال کی گئی اور وکلا نے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا جس سے سائلین مشکلات سے دوچار ہیں۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی میں بھی وکلا عدالتوںمیں پیش نہ ہوئے۔اٹک میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میں وکلا ء نے سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج کیا اور ساہیوال واقعے میں ملوث اہلکاروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔
بورے والا میں سانحہ ساہیوال کے سوگ میں انجمن تاجران کی کال پر شہر بھر میں مکمل ہڑتال کی گئی جس کے باعث تمام تجارتی مراکز بند رہے۔پنجاب کے دیگر مقامات پر بھی تاجروںنے واقعہ کے خلاف احتجاج کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ واقعہ میں ملوث اہلکاروں کو دنوں کے اندر کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔