ساہیوال (مانیٹرنگ ڈیسک) سانحہ ساہیوال میں جاں بحق ہونے والے خلیل کے بھائی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری طرف سے کوئی ایف آئی آر نہیں کاٹی جا رہی الٹا ان کے خلاف ہی ایف آئی آر کاٹ دی گئی ہے، خلیل کے بھائی نے کہاکہ ہم ایف آئی آر کرانے گئے تو انہوں نے کہا کہ یہ نہیں کاٹی جائے گی کیونکہ سی ٹی ڈی والوں نے پہلے ہی ایف آئی آر کٹوا دی تھی، خلیل کے بھائی نے کہا کہ وہ لوگ خود ہی قتل کر گئے ہیں اور خود ہی مدعی بن گئے ہیں، یہ انصاف ہے، یہ دہشت گرد ہیں یا وہ دہشت گرد ہیں۔ نہ ہی ہمیں کوئی میڈیکل رپورٹ ملی ہے اور نہ ہی کوئی آئی ڈی کارڈ اور
نہ ہی کیش ملا ہے، نہ ہی بھابھی کا زیور مل رہا ہے اور گاڑی کا بھی کوئی پتہ نہیں چل رہا، کسی چیز کا ہمیں پتہ نہیں چل رہا، انہوں نے کہا کہ میں حکومت سے اپیل کرتا ہوں کہ خدارا آپ استعفیٰ دیں گھر جائیں اگر آپ کے بیٹے اس جگہ پر پڑے ہوتے تو آپ کیا کرتے۔ کسی آئی جی، کسی ڈی آئی جی یا کسی وزیر کا کوئی ہوتا تو وہ کیا کرتے۔ جن کے گھر میں تین تین چار چار میتیں جائیں وہ کیا کریں گے، ہمارا تو سب کچھ ختم ہو گیا ہے، انہوں نے کہا کہ عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ یہ پرچہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف کٹوائیں اور چیف جسٹس سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ہمیں انصاف دلوائیں۔