لاہور(این این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں ساہیوال میں پیش آنے والے واقعہ کے بارے میں اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت نے واقعہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کے لئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی ہے اورواقعہ کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس واقعہ میں جو بھی ذمہ دارہوا اس کے خلاف قانون کے تحت کارروائی ہوگی اور ذمہ دار وں کو
انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے اورانصاف کی حکمرانی کو یقینی بنا ئیں گے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ انصاف نہ صرف ہوگا بلکہ ہوتا ہوا بھی نظر آئے گااوراس واقعہ کے حوالے سے انصاف کے تقاضوں کو پورا کیاجائے گا۔ اجلاس کے دوران واقعہ کے مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیااوروزیراعلیٰ کو واقعہ کے بارے میں رپورٹ بھی پیش کی گئی۔اجلاس میں صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، چیف سیکرٹری،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، انسپکٹر جنرل پولیس اورمتعلقہ ایجنسیوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔