اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سٹیٹ بینک آف پاکستان کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ گزشتہ 6 ماہ کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاری میں 77 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ ایک نجی ٹی وی چینل نے سٹیٹ بینک کے اعداد وشمار کے حوالے سے بتایا کہ مالی سال 2018-19ء کے پہلے چھ ماہ یکم جولائی سے اکتیس دسمبر کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاری میں غیر معمولی کمی دیکھنے میں آئی،رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ 6 ماہ میں غیرملکی سرمایہ کاری 3 ارب ڈالر تک کم ہوئی ہے۔ سٹیٹ بینک
کا کہنا ہے کہ جولائی تا دسمبر کے دوران 90 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی جب کہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 3 ارب 95 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی تھی۔ نجی ٹی وی چینل نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے وزیراعظم ہاؤس میں ’’بزنس ڈیسک‘‘ قائم کیا ہے، اس ڈیسک قائم کرنے کا مقصد اوورسیز پاکستانیوں کو ملک میں سرمایہ کاری کے لیے سہولیات مہیا کرنا اور ان کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔