اسلام آباد(نیوزڈیسک) اپوزیشن کی عالیہ کامران کے بل پر اپوزیشن کی شکست میں (ن )لیگ کے چار ارکان نے کردار ادا کیا ۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں ججز کی تعداد نے اضافے اور صوبائی کوٹہ یقینی بنانے کے بل پر ن لیگ کے چار ارکان نے ووٹ نہیں دیا ۔بل کے حمایت میں اپوزیشن ارکان کھڑے ہوئے تو مریم اورنگزیب، نثار چیمہ سمیت چار ارکان بیٹھے رہے ۔
گنتی کرنے والے اسٹاف کو مریم اورنگزیب نے کہا کہ وہ بل کی حمایت میں نہیں ہیں ۔گنتی کے دوران چار ارکان کی جانب سے ووٹ نہ دینے پر خورشید شاہ نے برجیس طاہر کو شکایت کی ،قومی اسمبلی میں اسلام آباد ہائی کورٹ میں ججز کے صوبائی کوٹہ کو لازمی بنانے کے بل کی تحریک مسترد کر دی گئی ۔ منگل کو بل ایم ایم اے کی عالیہ کامران نے پیش کیا ۔ڈپٹی سپیکر نے حکومت کی جانب سے بل کی مخالفت پر بل پیش کرنے کی تحریک مسترد کردی ۔بل کی محرک عالیہ کامران نے ڈپٹی سپیکر کے فیصلے کو چیلنج کردیا ۔اس موقع پر ڈپٹی سپیکر کی جانب سے بل کی حمایت اور مخالفت پر ووٹنگ کرائی گئی ۔بل پیش کرنے کی حمایت میں 94 اور مخالفت میں 96 ارکان نے ووٹ دی ۔دو ووٹوں کی کمی پر بل پیش کرنے کی تحریک دوسری بار بھی مسترد کردی گئی۔اجلا س کے دور ان اپوزیشن ارکان نے ڈپٹی سپیکر کہ جانب سے کرائی گئی گنتی کو غلط قرار دیدیا ۔اپوزیشن ارکان کی جانب سے دھاندلی نہیں چلے گی کے نعرے لگائے اس موقع پر اپوزیشن ارکان اپنی نشستوں سے اٹھ کر اسپیکر روسٹرم کا گھیراؤ کرلیا ۔ڈپٹی سپیکر نے اپوزیشن کے جانب سے بل پر دوبارہ ووٹنگ کرانے کا مطالبہ مسترد کردیا ۔ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ قوانین اجازت ہی نہیں دیتے کہ دوبارہ گنتی ہو ۔بعد ازاں ڈپٹی اسپیکر نے ایوان کی کارروائی دس منٹ کے لئے معطل کردی۔