اسلام آباد( آن لائن )ملک میں شیل گیس کے ذخائر کی تلاش کے لئے جامع حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے۔ شیل گیس پالیسی کا متعلقہ فریقین سے مشاورت کے بعد جلد اعلان ہو جائے گا۔ وزارت پٹرولیم ڈویژن کے ذرائع کے مطابق یو ایس ایڈ کی معاونت سے ایک جامع سٹڈی کی گئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں 10ہزار ٹریلین (ایک لاکھ کھرب) مکعب فٹ سے زائد شیل گیس کے ذخائر موجود ہیں۔جس کے بعد او جی ڈی سی ایل
اور پی پی ایل کو شیل گیس و آئل کی پیداوار بڑھانے کے لئے مختلف علاقوں میں سرگرمیاں شروع کرنے کی ذمہ داری تفویض کی گئی ہے۔ اس سروے کے مطابق سندھ ، پنجاب کے جنوبی علاقوں اور بلوچستان کے مشرقی علاقوں میں شیل گیس اور تیل کے ذخائر موجود ہیں۔ان ذخائر پر مزید کام سے پٹرولیم ہاؤس میں ایک شیل گیس و آئل سینٹر قائم کیا گیا ہے جو اس شعبہ میں کام کرنے والی کمپنیوں کی راہنمائی اور معاونت کرے گا۔