کوئٹہ (آ ئی این پی)بلوچستان کی سینٹ میں خالی ہونے والی نشست پر بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار منظور احمد کاکڑ 38 ووٹ حاصل کر کے کامیاب ہو گئے۔تفصیلات کے مطا بق بلوچستان اسمبلی میں پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کے سینیٹر سردار اعظم موسی خیل کی وفات کے بعد خالی ہونے والی نشست پر پولنگ کا عمل صبح نو بجے شروع ہوا جو چار بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی۔65 کے ایوان میں 63 اراکین اسمبلی نے ووٹ کاسٹ کئے جس میں مسلم لیگ ن کے رکن نواب ثنا اللہ زہری اور پی ٹی آئی کے
رکن سردار یار محمد رند نے ووٹ کاسٹ نہیں کیا جبکہ ایک ووٹ مسترد کر دیا گیا۔بلوچستان عوامی پارٹی کے منظور احمد کاکڑ ، بی این پی مینگل کے غلام نبی مری سمیت 5 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوا۔ بی اے پی کے امیدوار منظور احمد کاکڑ نے اے این پی، پی ٹی آئی اور ایچ ڈی پی سمیت دیگر اتحادی جماعتوں کی حمایت کے بعد 38 ووٹ لیکر کامیابی حاصل کر لی، جبکہ متحدہ اپوزیشن جماعتوں کے متفقہ امیدوار بی این پی مینگل کے امیدوار غلام نبی مری نے 23 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہے۔