اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) نجی ٹی وی پبلک نیوز کے ٹاک شو میں گفتگوکرتے ہوئے معروف صحافی ، تجزیہ کار اور کالم نگار حسن نثار جو کہ پی ٹی آئی کو سپورٹ کرتے رہے ہیں نے پی ٹی آئی کو سپورٹ کرنے کو اپنی غلطی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پہلے یہ نقشے بناتے ہیں ، پھر پاس کراتے ہیں ۔ پی ٹی آئی کو مخاطب کرتے ہوئے حسن نثار کا کہنا تھا کہ تم نے 22کروڑ کا ملک
آکر ٹیک اوور کر لیا اور تیاری تمہاری تھی ہی نہیں۔اس موقع پر شدید جذباتی انداز میں حسن نثار کا کہنا تھا کہ لعنت ہے مجھ پر بھی ویسے میں نے یہ تصور کر لیا تھا کہ بالکل سائیڈ پر تیار ہو رہی ہو گی ، ٹیکنو کریٹس بیٹھے ہونگے، پروفیشنل اکٹھے ہونگے ، کام ہو رہا ہو گا، اور ماشا اللہ جس دن میری پی ٹی آئی آئے گی اس دن یہ ملک رن وے پر بھاگتا نظر آئے گا اور سال چھ ماہ یا آٹھ مہینے میں ٹیک آف کر لے گا۔ اب زیادہ بات نہیں کرتے، دو ڈھائی ماہ میں انہوں نے قرضے کے سود کی قسط دینی ہے، حال پتہ کر لیں گے، ابھی منی بجٹ ہے، مہنگائی کو لوگ رو رہے ہیں۔ میں نے اپنے کالم میں بھی لکھا ہے کہ یہ ابھی مہنگائی کا پرومو چل رہا ہے۔قبل ازیں حسن نثار کا کہنا تھا کہ جیسے میرے عوام ہیں ویسا ہی میں ہوں، میرا مسئلہ یہ ہے کہ میرا دشمن بھی عوام کو ڈیلیور کرے ، ان کو سکھ دے ، سکون دے ، انہیں سہولیات فراہم کرے میرے لئے وہ قابل احترام ہے، میری تو کوئی لڑائی نہیں، نہ نواز شریف نے میری بھینس کھولی تھی ، نہ انہوں نے میرا کٹا کھولا ہے، بلکہ یہ تھوڑے کم ظرف ہیں ۔ نواز شریف کبھی کہہ کر بھی ملیں ، کبھی خواہش کر کے بھی ملیں کبھی گلہ تک اس بندے نے نہیں کیا ، کبھی اشارتاََ کنایتاََ یہ نہیں کہا کہ ہمارے بارے میں آپ یہ کرتے ہو وہ کرتے ہو۔ وہ بہت گریس فل ہیں۔خیال رہے کہ حکومتی ناقص کارکردگی پر اب پی ٹی آئی کے اندر بھی اس کے اراکین سوال اٹھا رہے ہیں اور اس وقت حکومت اپنی کارکردگی کی بدولت کئی محاذوں پر شدید دبائو کا شکار ہے جس میں سب سے زیادہ دبائو اسے معاشی میدان میں دیکھنے کو مل رہا ہے ۔