اسلام آباد(این این آئی)وفاقی کابینہ نے پی ٹی ایم کے رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ اور علی وزیر کا نام ای سی ایل سے ہٹانے کی ہدایت کرتے ہوئے کچھ نئی ائر لائنز کو لائسنس دینے کی منظوری دیدی جبکہ وفاقی وزیراطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین نے کہاہے کہ جنوری میں یو اے ای کے ولی عہد اور فروری میں سعودی ولی عہد پاکستان کا دورہ کرینگے ٗ وزیر اعظم نے ائیر پورٹس کی صورتحال کا نوٹس لیا ہے ٗ تعمیر پر لاگت کے حوالے سے مشترکہ انکوائری کا کہہ دیا ہے ٗ
ملک میں سیاحت کے فروغ کیلئے ویزہ عمل میں آسانی لائیں گے ٗپنجاب اور خیبر پختونخوا کے بڑے شہروں کے بھی ماسٹر پلان بنائے جائیں گے ٗتجاوزات متاثرین کے حقوق کا مکمل خیال رکھا جائیگا ٗٹیکس نظام میں بہتری کیلئے ورلڈ بنک سے مدد لی جائیگی ٗفاٹا فنڈ میں کوئی بھی کمی نہیں کی جائے گی ٗعوام ماضی کے حکمرانوں کو مسترد کر چکے ہیں ٗقبل از وقت انتخابات سے متعلق وزیراعظم کی بات کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔ جمعرات کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں 26 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا، کابینہ نے اجلاس کے دوران پشتون تحفظ موومنٹ کے رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ اور علی وزیر کا نام ای سی ایل سے ہٹانے کی ہدایت کی۔اجلاس میں وزیر خزانہ اسد عمر اخراجات میں کمی سے متعلق بریفنگ دی جبکہ ادویات کی قیمتوں کی زیادہ سے زیادہ حد مقرر کرنے پر بھی غور کیا گیا۔اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین نے کہاکہ ای سی ایل میں شامل کچھ ناموں پر دوبارہ غور کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ محسن داوڑ ، علی وزیر کے نام ای سی ایل سے ہٹانے کی ہدایت کی گئی۔وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ جنوری میں یو اے ای کے ولی عہد پاکستان کا دورہ کریں گے۔ انہوکنے بتایا کہ فروری میں سعودی ولی عہد پاکستان کا دورہ کریں گے۔
انہوں نے کہاکہ وزراء سے کہا گیا ہے کہ غیر ملکی دورے کم سے کم کریں۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ بہاؤ الدین خان کو پاک عمان انویسٹمنٹ کمپنی کا ایم ڈی تعینات کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے ائر پورٹس کی صورتحال کا نوٹس لیا ہے ٗاسلام آباد ایئر پورٹ کی تعمیر لاگت کے حوالے سے مشترکہ انکوائری کا کہا گیا ہے ۔چودھری فواد حسین نے کہاکہ ایوی ایشن کے وزیر اور وزیرداخلہ کو ائر پورٹ کلچر تبدیل کرنے کی ہدایت کی گئی ۔ وزیراطلاعات نے کہا کہ ملک میں
سیاحت کے فروغ کیلئے ویزہ عمل میں آسانی لائیں گے۔وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ پاکستان آنے والے سیاحوں کیلئے آسانیاں پیداکر رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ غیر ملکی صحافیوں کیلئے ویزہ سہولیات کو آسان بنانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اجلاس میں کچھ نئی ائر لائنز کو لائسنس دینے کی منظوری دی گئی۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ اسلام آباد کا ماسٹر پلان تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔چودھری فواد حسین نے کہا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے بڑے شہروں کے بھی ماسٹر پلان بنائے جائیں گے ۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ تجاوزات متاثرین کے حقوق کا مکمل خیال رکھا جائے گا۔چودھری فواد حسین نے کہاکہ کابینہ میں دوائیوں کی قیمتوں کا معاملہ بھی زیر غور آیا ٗدوائیوں کی قیمتوں کا معاملہ ٹاسک فورس کو سونپا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں ہنڈ ی اور حوالہ پر تفصیلی غور کیا گیا ۔وزیر اطلاعات ونشریات نے کہاکہ ٹیکس نظام میں بہتری کے لئے ورلڈ بنک سے مدد لی جائے گی۔وزیر اطلاعات و نشریات نے کہاکہ کابینہ نے فیصلہ کیا کہ فاٹا فنڈ میں
کوئی بھی کمی نہیں کی جائے گی۔وزیر اطلاعات ونشریات نے کہاکہ کابل میں 200بستروں کا جناح ہسپتال بنایا ہے ۔چودھری فوادحسین نے کہا کہ افغان صوبے لوگر میں بھی ایک ہسپتال تعمیر کیا جا رہا ہے ٗنشتر کڈنی سینٹر کے تحت گردوں کی بیماری کے علاج کیلئے بھی افغانستان کو سہولت دے رہے ہیں ۔ وزیراطلاعات نے کہاکہ ریاست مدینہ کی بنیاد رحم اور برداشت پر ہے۔چودھری فواد حسین نے کہاکہ ادائیگیوں کے توازن کے مسئلے میں خاصی بہتری آئی ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ آئل ریفائنری کے قیام کیلئے معاہدہ کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے تمام وزارتوں کو اخراجات میں10فیصدکمی کی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام ماضی کے حکمرانوں کو مسترد کر چکے ہیں۔چودھری فواد حسین نے کہاکہ قبل از وقت انتخابات سے متعلق وزیراعظم کی بات کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔