لاہور ( این این آئی) سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد محمد نواز شریف نے اپنی اہلیہ بیگم کلثوم نواز (مرحومہ )کے اکاؤنٹس میں موجود رقوم کو نکلوانے کے لیے سول کورٹ میں فیملی عدالت سے رجوع کر لیا۔نواز شریف کی جانب سے دی گئی درخواست میں اندراج وفات سرٹیفکیٹ ساتھ لف ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ کلثوم نواز 9ستمبر 2018ء کو وفات پاگئی تھیں۔کلثوم نواز کے 4بینک اکاؤنٹس تھے جن میں 93لاکھ 31ہزار سے زائد کی رقم موجود ہے۔
حبیب بنک کی برانچ شریف ایجوکیشن سٹی میں 15لاکھ 50ہزار 880روپے موجود ہیں، اسٹینڈرڈ چارٹر گلبرگ برانچ میں 73لاکھ 85ہزار 691روپے موجود ہیں، الائیڈ بینک میں 13لاکھ، یو بی ایل جوہر ٹاؤن میں 3لاکھ 81ہزار سے زائد رقم موجود ہیں، بیگم کلثوم نواز کیخلاف کوئی بھی رقم واجب الادا نہیں ہے۔نواز شریف کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ بیگم کلثوم نواز کے بینک اکاؤنٹس میں موجود 93 لاکھ 31 ہزار 922 روپے کے حصول کے لئے سیکشن رپورٹ دی جائے۔