واشنگٹن (نیوز ڈیسک) امریکہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو ڈاکٹر شکیل آفریدی کے بدلے رہائی پر بات کرنے کے لیے تیار ہے، یہ بات امریکی کانگرس مین بریڈ شرمین نے کہی، انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر شکیل آفریدی کے بدلے امریکہ کی جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی پر بات کرنے کو تیار ہیں، وہ نئے ایوان نمائندگان میں جہاں اب ڈیمو کریٹک پارٹی کی اکثریت ہے جنوبی ایشیا اور بحر الکاہل کے بارے میں سب کمیٹی کے چیئرمین بننے والے ہیں، انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ
اسامہ بن لادن کی تلاش میں مدد دینے والے ڈاکٹر شکیل آفریدی اس وقت پاکستانی جیل میں قید ہیں، یہ بات انہوں نے دہشت گردی کے خلاف اور انسانی حقوق کے حامی جنوبی ایشیائی افراد کی تنظیم ’’ساتھ‘‘ کے زیراہتمام دو روزہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر انہوں نے پاکستان کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ چین کے قرضوں کے جال میں نہ آئے کیونکہ وہ قرضوں کے ذریعے مختلف ممالک کی خود مختاری ختم کرنے کے درپے ہے، چین سری لنکا کے بعد اب افریقی ممالک کے ساتھ ایسا کرنے میں مصروف ہے۔