اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس میں فیصلہ محفوظ کر لیاہے جو کہ 24دسمبر بروز پیر سنایا جائیگا۔ ماعت کے اختتام پر نواز شریف روسٹرم پر آگئے اور سوال کیا کہ کیا آج میری آخری پیشی تھی ؟ جج ارشد ملک نے جواب دیا جی ہاں آج آخری پیشی تھی۔ نواز شریف نے مزید کہا ایک پائی کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی، بہت تکلیف ہوتی ہے جب دیکھتا ہوں کہ کارروائی مفروضوں پر ہو رہی ہے،
میری بیٹی کو مجرم بنا دیا گیا، آپ جج ہیں انصاف کی امید ہے، میری 78 ویں پیشی ہے، اس سلوک کی وجہ سمجھ نہیں آتی۔سابق وزیراعظم نواز شریف نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کرپشن میرے قریب سے نہیں گزری، کبھی کمیشن نہیں لی، کبھی اختیارات کا غلط استعمال نہیں کیا، ہمیشہ قوم کی خدمت کی، اپنا فیصلہ عدالت پر چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے کہا 24 دسمبر کو فیصلہ سنایا جائے گا، نواز شریف کا کہنا تھا کہ کیس کیا ہے، کچھ سمجھ نہیں آرہا۔